لاہور: نگران وزیر اطلاعات عامر میر نے گرفتار خواتین سے ناروا سلوک کے پروپیگنڈے کو سراسر جھوٹا اور گمراہ کن قرار دے دیا۔
عامر میر نے کہا کہ 9 مئی کے شرپسند حملوں میں ملوث خواتین کے ساتھ کوئی بدسلوکی نہیں کی جارہی، ایک نام نہاد سیاسی پارٹی اپنے مذموم مقاصد کے لیے خواتین کے بارے میں زہریلا پروپیگنڈہ کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب کی جیلوں میں قید 9 مئی کے واقعات میں ملوث خواتین سے قانون کے مطابق سلوک کیا جا رہا ہے، قیدی خواتین خود بھی اس چیز کی گواہی دے رہی ہیں۔
عامر میر نے کہا کہ پولیس جیلوں میں قید خواتین کو قانون کے مطابق شائستگی سے ڈیل کر رہی ہے، 9 مئی کی شرپسندی کی منصوبہ بندی کرنے والا شخص حسب سابق عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔
عامر میر نے کہا کہ جھوٹے پروپیگنڈے سے سستی ہمدردی حاصل کرنے کی کوشش ناکام ہو گئی، عوام شرپسندوں کی سرپرستی کرنے والے کا اصل چہرہ دیکھ چکے ہیں، جھوٹ کی دکان چلانے والے بلوائی کو شرم کرنی چاہیئے۔
جیلوں میں خواتین سے ناروا سلوک کا پروپیگنڈا گمراہ کن ہے، نگران وزیر اطلاعات پنجاب








