بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

اُردنی ولی عہد اور سعودی شہری رجوا خالد کی شادی، بلاول بھٹو شرکت کے لیے روانہ

اسلام آباد: پاکستان کے وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری اردن کے ولی عہد الحسین بن عبد اللہ دوئم اور سعودی شہری رجوا خالد السیف کی شادی میں شرکت کے لیے اردن روانہ ہوگئے ۔
میڈیارپورٹس کے مطابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری شاہی شادی میں شرکت کرنے کے لیے اردن روانہ ہوگئے۔ اردن میں بدھ کے روز سے ولی عہد الحسین بن عبد اللہ دوئم اور رجوا خالد السیف کی شادی کی تقریبات کا آغاز ہو گیا ہے۔
شادی کی دو روزہ تقریبات میں کنگ عبد اللہ دوئم کی جانب سے شاہی ایوان میں دیے جانے والی شاہی دعوت بھی ہے جہاں اردن بھر سے چار ہزار سے زائد افراد کو مدعو کیا گیا ہے۔
شادی کی تقریب جمعرات کے روز دارالحکومت عمان کے زاہران پیلس میں ہوگی جب کہ استقبالیہ الحسینیہ پیلس میں دیا جائے گا جہاں مختلف ممالک کے سربراہان اور اردن کا شاہی خاندان موجود ہوگا۔
وزارت خارجہ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ’آج دوپہر کے وقت بلاول بھٹو زرداری اردن اور عراق کے لیے روانہ ہو رہے ہیں۔ اس دورہ کے پہلے مرحلے میں وزیر خارجہ شاہی شادی میں شرکت کے لیے اردن جائیں گے۔‘
وزرات خارجہ کے مطابق بلاول بھٹو زرداری اس کے بعد 5 اور 6 جون کو عراق جائیں گے جہاں وہ عراقی سربراہان اور ہم منصب سے تفصیلی ملاقات کریں گے۔
وزرات خارجہ نے مزید کہا کہ ’اس دورہ میں اہم معاہدات پر دستخط کیے جائیں گے۔‘
وزارت خارجہ کے مطابق بلاول بھٹو زرداری کو عراق کے دورے کی دعوت ڈپٹی وزیر اعظم اور وزیر خارجہ ڈاکٹر فوآد حسین کی جانب سے دی گئی تھی۔
دوسری جانب اردن کی خبر رساں ایجنسی پیٹرا کے مطابق ولی عہد اور سعودی شہری کی شاہی شادی نے مقامی، ملکی اور غیر ملکی میڈیا کی توجہ اپنی جانب مبذول کرلی ہے۔
جمعرات کے روز کئی ٹی وی چینلز شاہی شادی کی تقریب کو نشر کریں گے۔