اسلام آباد(ممتازنیوز)وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے بین الاقوامی میڈیا کو انٹرویوپر اپنےردعمل میں کہاہے کہ یہ انٹرویو نہیں، دوغلے اور جھوٹے کردار کی شخصیت کا آئینہ اور اصل چہرہ ہے۔ پہلا جملہ”مجھے جیل میں ڈالیں گے تو ردعمل تو ہونا تھا۔” دوسرا جملہ””یہ سب ورکروں اور پارٹی راہنماؤں نے کیا ہے۔”یہ ان سب کے لئے سبق ہے جو گمراہ کی گمراہی اور فریب کا شکار ہوئے۔انہوں نے مزید کہا کہ ہر غلط کام خود کیا، ہر بار پکڑے جانے پر الزام دوسروں کو دیا۔”ون پیج” سے “میں تو بے اختیار تھا”،”امریکہ نے میری حکومت گرائی” سے “محسن نقوی نے میری حکومت گرائی” تک کے جھوٹ گھڑنے والے نے اب 9 مئی کا ملبہ بھی آخر کار اپنےکارکنوں اور پارٹی راہنمائوں پر ڈال دیا ہے۔ جنہوں نے فسادی کے بھڑکانے پر پاکستان کو جلایا، قومی وقار اور شہدا کی بے حرمتی کی۔ یہی کام اس نے فارن فنڈنگ کا ملبہ پارٹی راہنمائوں پر ڈال کر کیا ایک کروڑ نوکری پچاس لاکھ گھر، سائیفر، تاریخی کرپشن کا ملبہ دوسروں پر ڈالا۔ان کاکہنا تھا کہ یہ وہ شخص ہے جس نے آئین، قانون، صداقت اور امانت کی ہر لکیر پارکی۔ ایک سال سے اپنے کارکنوں اور پارٹی راہنمائوں کے دل اور ذہن نفرت کے زہر سے بھر کر سانحہ 9 مئی کرایا ۔اب جھوٹ بول رہا ہے کہ میں ذمہ دار نہیں۔ امید ہے کہ عشق عمرانی میں جلنے والے پروانوں اور دیوانوں کی اب تسلی ہوگئی ہوگی۔یہ ہے وہ محسن کشی جس پر سب لوگ چھوڑ چھوڑ کر جارہے ہیں۔
عمران خان محسن کش، سب لوگ چھوڑ چھوڑ کر جارہے ہیں، مریم اورنگزیب








