لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری پنجاب کے سیاسی محاذ پر سرگرمِ عمل ہیں، آج مسلم لیگ (ق) کے سربراہ شجاعت حسین سے ملاقات کریں گے۔
نجی ٹی وی کے مطابق آصف زرداری اور شجاعت حسین کے مابین ملاقات میں وفاقی وزیر سالک حسین اور شافع حسین بھی شریک ہوں گے۔ سابق صدر آصف زرداری ملاقات کے دوران ملکی سیاسی صورت حال پر تفصیلی تبادلہ خیال کریں گے جبکہ آئندہ الیکشن سے متعلق حکمت عملی پر بات چیت کا بھی امکان ہے۔
گذشتہ روز آصف زرداری نے پی پی رہنماؤں سے ملاقاتیں کی تھیں، پیپلز پارٹی کے سیکرٹری جنرل نیر بخاری، سیکرٹری اطلاعات فیصل کریم کنڈی ، این اے 69 ڈسکہ سے پیپلز پارٹی کے امیدوار قومی اسمبلی رانا محمود اشرف کے علاوہ رانا فاروق سعید، فیصل میر، ندیم افضل چن، عبدالقادر شاہین سمیت دیگر ملاقات کرنیوالوں میں شامل تھے۔









