لاہور(ممتازنیوز)پاکستان پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین وسابق صدر آصف علی زرداری نے پاکستان مسلم لیگ کے صدر چوہدری شجاعت حسین سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی ۔ملاقات میں چیف آرگنائزر پاکستان مسلم لیگ چوہدری سرور، وفاقی وزیر و سینئر نائب صدر چوہدری سالک حسین ,جنرل سیکرٹری پنجاب چوہدری شافع حسین اور صوبائی وزیر و پاکستان مسلم لیگ سندھ کے صدر طارق حسن بھی شریک تھے۔اس موقع پر چوہدری شجاعت حسین نے حکومت کو بجٹ میں عوام کو ریلیف کا مشورہ دے دیا ۔انہوں نے کہاکہ مہنگائی آسمان سے باتیں کر رہی ہے ، مہنگائی کم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہونی چاہئے ، تمام سیاسی پارٹیاں ملکی معیشت کو بہتر بنانے کے لیے کردار ادا کریں۔ چوہدری شجاعت نے کہاکہ سیاست بعد میں بھی ہوتی رہے گی، پہلے عوام کی بہبود کا سوچنا ہوگا ،سیاسی رنجش کو ذاتی رنجش نہ بنائیں ، ملک کا سوچیں، پاکستان ہے تو سب ہیں ۔انہوں نے کہاکہ سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن میں بھی اضافہ کیا جائے۔اس موقع پرچوہدری سرور نے کہاکہ بجٹ غریب کیلئے ٹیکس فری ہونا چاہیے۔









