بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

رانا نذیر احمد، نوریز شکور، سبین گل، شازیہ عباس، غضنفر چھینہ ، شہزاد اعوان نے بھی کپتان سے راہیں جداکرلیں

 اسلام آباد(اصغر چوہدری)سانحہ9مئی کے تناظر میں تحریک انصاف کے رہنماؤںکی جانب سے پی ٹی آئی چھوڑنے میں تیزی آ گئی ،گوجرانوالہ سے سابق وفاقی وزیر رانا نذیر احمد ، ساہیوال سے تعلق رکھنے والے سابق وفاقی وزیر نوریز شکور ،ملتان سے سابق ایم پی اے سبین گل اور شازیہ عباس،بھکر سے پاکستان تحریک انصاف کے سابق رکن پنجاب اسمبلی غضنفر عباس چھینہ جبکہ کراچی سے ایم پی اے ملک شہزاد اعوان نے بھی عمران خان سے رائیں جدا کرلیں،رواں ہفتے پنجاب کے بعض بڑے راہنماؤں کی جانب سے بھی پی ٹی آئی سے اعلان لاتعلقی کا امکان ہے۔
پیر کو نیشنل پریس کلب میں پریس کانفرس کے دوران پی ٹی آئی کے راہنما و سابق وفاقی وزیر رانا نذیر احمد کا کہنا تھا کہ ایٹمی طاقت ہونے کے ناطے وطن عزیز پاکستان صہیونی طاقتوں کی آنکھوں میں کھٹک رہا ہے پاکستان لاالہ الا اللہ کے نعرے پرلاکھوں شہدا کی قربانیوںکے باعث وجود میں آیا تھا اور انشا اللہ تا قیامت قائم و دائم رہے گا،9مئی کے واقعات انتہائی افسوسناک ہیں،جو کام دشمن 75سالوں میں نہیں کر سکا وہ اپنوں نے کیا ہے جب شہدا کی یادگاروں ،جناح ہاوس اور افواج پاکستان کے دفاتر کو آگ لگا کر تباہ و برباد کر دیا گیا،ایم ایم عالم کاطیارہ جو بھارت جیسے ازلی دشمن کی آنکھوں میں ہمیشہ کھٹکتا رہتا تھا اسے اپنوں نے تباہ کرکے بھارت کو خوش کیا ہے ایسے لوگ کبھی بھی ملک کے محب وطن نہیں ہو سکتے،ان تمام واقعات سے دلبرداشتہ ہو کر پی ٹی آئی کو چھوڑنے کا اعلان کرتا ہوں ، پی ٹی آئی میں شمولیت بہت بڑی غلطی تھی، عمران خان کے ریاست مدینہ بنانے کے نعرے کے جھانسے میں آگیا تھا، ریاست مدینہ تو نہ بن سکی البتہ ریاست بدتمیزانہ بنا ڈالی گئی،09مئی کے واقعات میں پی ٹی آئی دانستہ طور پر ملوث تھی، آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان ساتھیوں کی مشاورت سے کرونگا۔ سائیوال سے تعلق رکھنے والے سابق وفاقی وزیر چوہدری نوریز شکور نے پی ٹی آئی چھوڑنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ 9مئی کے واقعات سے ہمارے سر شرم سے جھک گے ہیں مزید پی ٹی آئی کے ساتھ سفر جاری نہیں رکھ سکتے ۔مزید براںپاکستان تحریک انصاف کی سابق ایم پی اے سبین گل نے سیاست چھوڑنے اور شازیہ عباس نے پی ٹی آئی سے لاتعلقی کا اعلان کر دیا۔ ملتان سے سابق ایم پی اے سبین گل نے سیاست سے کنارہ کشی کرتے ہوئے کہا ہے کہ میں نے ہمیشہ پر امن سیاست کی ہے، کبھی جلا گھیرا کا حصہ نہیں رہی، 9 مئی کو ہونیوالے جلا گھیرا کی مذمت کرتی ہوں، میری صحت اجازت نہیں دیتی کہ سیاست کو جاری رکھ سکوں۔ دوسری جانب پی پی 222 سے ٹکٹ ہولڈر شازیہ عباس نے پی ٹی آئی چھوڑنے کا اعلان کر دیا۔ شازیہ عباس کا کہنا تھا کہ 9 مئی کے واقعات کی مذمت کرتی ہوں، 9 مئی کو عمرہ ادائیگی کیلئے گئی ہوئی تھی، دفاعی تنصیبات پر حملے دیکھ کر بہت دکھ ہوا، املاک کو نقصان پہنچانا کسی مذہب یا معاشرے کو زیب نہیں دیتا۔علاوہ ازیںرکن سندھ اسمبلی ملک شہزاداعوان نے تحریک انصاف چھوڑنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی کے لوگوں نے مجھے بے پناہ عزت دی،سب کا مشکور ہوں، بغیرکسی دباؤکے پی ٹی آئی سے علیحدگی کا اعلان کرتا ہوں، جلاؤگھیراؤمیں ملوث افراد کا تعلق کسی بھی جماعت سے ہو،عبرت ناک سزاملنی چاہیے،9مئی کے واقعات قابل مذمت ہیں،افواج پاکستان قوم کی محافظ ہیں۔9مئی کے واقعات کے بعد تحریک انصاف میں رہنا ناممکن تھا،اپنی پاک فوج کیساتھ ڈٹ کر کھڑے ہیں۔بھکر سے پاکستان تحریک انصاف کے سابق رکن پنجاب اسمبلی غضنفر عباس چھینہ نے بھی پارٹی چھوڑنے کا اعلان کردیا۔اپنے ویڈیو بیان میں غضنفر عباس چھینہ کا کہنا تھاکہ 9 مئی کے واقعات کی مذمت کرتا ہوں، 9 مئی کے واقعات کے باعث پی ٹی آئی سے علیحدگی کا فیصلہ کیا۔انہوں نے کہا کہ آئندہ کا لائحہ عمل دوستوں کی مشاورت سے طے کروں گا۔دوسری جانب ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ غضنفر عباس چھینہ نے ہاشم ڈوگراورمرادراس سے رابطہ کیا ہے۔ذرائع کے مطابق غضنفرعباس چھینہ نے ڈیموکریٹس گروپ کے ساتھ ملکر چلنے پر اتفاق کیا۔ خیال رہے کہ غضنفر عباس چھینہ پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی 91 بھکر سے پی ٹی آئی کے ٹکٹ پر رکن اسمبلی منتخب ہوئے تھے۔دوسری جانب ذرائع کا دعوی ہے کہ رواں ہفتے پنجاب کے دیگر ڈویژنوں سے تعلق رکھنے والے اہم راہنماوںکی جانب سے بھی پارٹی سے اعلان لاتعلقی متوقع ہے ۔