بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

کل عمران خان سے ملاقات کروں گا، انصاف کا جھنڈا میرے ہاتھ میں ہے: شاہ محمود قریشی

اسلام آباد:پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ’انصاف کا جھنڈا میرے ہاتھ میں ہے، بدھ کو چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات کروں گا اور اس کے بعد میڈیا سے تفصیلی گفتگو کروں گا۔
منگل کو اڈیالہ جیل راولپنڈی سے رہائی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ ’میں کارکنوں سے کہتا ہوں کہ یہ آزمائش کا وقت ہے، مشکل وقت ہے، حوصلہ رکھیں۔ ہر غروب کے بعد ایک طلوع ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ انہوں نے قید تنہائی میں ایک ماہ گزارا۔ اس دوران چیزوں کا جائزہ لینے کے لیے وسیع وقت ملا۔ ڈی سی راولپنڈی کے کہنے پر تھری ایم پی او کے تحت مجھے دوبارہ گرفتار کیا گیا، قید میں ہوتے ہوئے میں نقصِ امن کے لیے خطرہ کیسے بن سکتا ہوں؟
انہوں نے کہا کہ میری نظر میں دوبارہ گرفتاری کا کوئی جواز نہیں تھا، میں تو قید تنہائی میں تھا، میں کس کو ہدایت دے سکتا تھا یا کیسے اُکسا سکتا تھا؟
پی ٹی آئی کے وائس چیئرمین کا مزید کہنا تھا کہ ’میں اس تحریک کا حصہ ہوں جو خوددار اور حقیقی طور پر آزاد پاکستان دیکھنا چاہتی ہے۔
انہوں نے اپنی گفتگو میں قید کے دوران اپنے اہلِ خانہ کے تعاون کا ذکر کیا اور رہائی کے لیے عدالت کا شکریہ بھی ادا کیا۔
اس موقع پر پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ ’آج سوال نہیں لوں گا۔