اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)سپریم کورٹ نے بھونگ انٹر چینج کی تعمیر سے متعلق کیس نمٹا دیا،عدالت نے کہاکہ اس کیس کو مناسب فورم پر چلائیں۔
سپریم کورٹ میں بھونگ انٹر چینج کی تعمیر سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی، جسٹس اعجاز الاحسن کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے سماعت کی، ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے دلائل دیتے ہوئے کہاکہ بھونگ انٹر چینج کے عدالتی حکم پر عملدرآمد شروع کردیا گیا ہے،بھونگ انٹر چینج کیلئے فنڈز مختص کردئیے گئے ہیں، این ایچ اے نے منصوبے پر کام شروع کردیا ہے۔
وکیل این ایچ اے نے کہاکہ عدالتی فیصلے پر عملدرآمد کے حوالے سے جواب جمع کروایا ہے،عدالت نے این ایچ اے کے جواب کی کاپی درخواست گزار کے وکیل کو فراہم کرنے کی ہدایت کردی، وکیل نے کہاکہ سپریم کورٹ نے کچے کے علاقے میں ڈاکوؤں کے خلاف آپریشن کا حکم دیا تھا،۔
وکیل متاثرین نے کہاکہ عدالتی حکم کی آڑ لے کر200 گاؤں کی 1300 ایکڑ پر کھڑی فصل کو جلا دیا گیا ہے،سپریم کورٹ نے کہاکہ اس کیس کو مناسب فورم پر چلائیں،سپریم کورٹ نے بھونگ کے علاقے میں پولیس آپریشن سے متعلق درخواست نمٹا دی اورکیس غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی کردیا۔









