نیب راولپنڈی نے 190 ملین پاؤنڈ کی مبینہ کرپشن کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو آج صبح 11 بجے طلب کرلیا۔
نیب کی ٹیم نے بشریٰ بی بی کی طلبی کا نوٹس زمان پارک میں موصول کرادیا ہےجو ان کے وکیل علی اعجاز بٹر نے وصول کیا تھا۔
بشریٰ بی بی کو تفتیش کے لیے پیش ہوکربیان ریکارڈ کرانےکی ہدایت کی گئی ہے: نوٹس کا متن
نوٹس کے متن کے مطابق بشریٰ بی بی کو آج صبح 11 بجے نیب راولپنڈی میں طلب کیا گیا ہے ، انہیں تفتیش کے لیے پیش ہوکربیان ریکارڈ کرانےکی ہدایت کی گئی ہے۔
عمران خان کو اسی کیس میں گرفتار کیا جاچکا ہے
خیال رہے کہ گزشتہ ماہ نیب نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو اسی کیس میں گرفتار کیا تھا جس کے بعد ملک میں جلاؤ گھیراؤ اور فوجی تنصیبات پر حملے کیے گئے تھے۔
سپریم کورٹ نے عمران خان کی گرفتاری غیر قانونی قرار دیتے ہوئے رہا کرنے کا حکم دیا تھا۔
القادر ٹرسٹ کیس کیا ہے؟
سابق وزیراعظم عمران خان اور ان کی اہلیہ کے منصوبے القادر یونیورسٹی ٹرسٹ کے لیے زمین 2019 میں ایک پراپرٹی ٹائیکون سے حاصل کی گئی تھی، عمران خان اس وقت زمین کی منتقلی سے متعلق کرپشن کے الزامات کا سامنا کر رہے ہیں۔
سابق وزیر اعظم عمران خان کے ایک معاون غلط دعویٰ کرچکے ہیں کہ جس زمین پر القادر یونیورسٹی واقع ہے اس کی مالیت ایک کروڑ روپے سے بھی کم ہے، یونیورسٹی کے ٹرسٹی عمران خان اور ان کی اہلیہ ہیں ۔
اس حوالے سے تحصیل سوہاوہ کے ایک پٹواری موسیٰ شاہ نے جیو نیوز کو بتایا کہ ان کے اندازے کے مطابق اس علاقے میں 458 کنال سے زائداراضی کی قیمت ساڑھے 9 کروڑ سے 27 کروڑ روپے کے درمیان ہوگی۔









