بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

ایلون مسک کی کمپنی نے 14 سالہ بچے کو سافٹ وئیر انجینئر کی ملازمت دے دی

دنیا کے امیر ترین شخص ایلون مسک کی کمپنی اسپیس ایکس نے 14 سالہ بچے کو سافٹ وئیر انجینئر کے طور پر بھرتی کرلیا ہے۔

14 سالہ کائران کوازی امریکی ریاست کیلیفورنیا کی سانتا کلارا یونیورسٹی کے اسکول آف انجینئرنگ سے کالج ڈگری حاصل کرنے والا ہے۔

اس بچے کو 17 جون کو گریجویشن ڈگری مل جائے گی اور اس طرح وہ اس یونیورسٹی کی 172 سالہ تاریخ کا کم عمر ترین گریجویٹ بن جائے گا۔

دنیا میں سب سے کم عمری میں گریجویشن ڈگری حاصل کرنے والے افراد کی فہرست میں یہ بچہ 6 سے 9 نمبر کے درمیان ہوگا۔

کالج ڈگری کے ساتھ ہی کائران کوازی اسپیس ایکس میں ملازمت بھی کرنے لگے گا۔

زندگی کا غیرمعمولی سفر

11 سال کی عمر میں یہ بچہ اس یونیورسٹی میں داخل ہوا تھا / فوٹو بشکریہ سانتا کلارا یونیورسٹی
11 سال کی عمر میں یہ بچہ اس یونیورسٹی میں داخل ہوا تھا / فوٹو بشکریہ سانتا کلارا یونیورسٹی

کائران کوازی کے گھر والوں کو بچے کی ذہانت کا اندازہ اس وقت ہوا جب وہ محض 2 سال کی عمر میں مکمل جملے بولنے لگا تھا۔

اسکول جانے کے بعد وہ اساتذہ سے کہانیوں پر بات کرنے کے قابل ہوگیا تھا جبکہ تیسری جماعت میں اسے اسکول کا کام بہت آسان لگنے لگا، جس کے بعد اساتذہ، والدین اور ڈاکٹروں کو اندازہ ہوا کہ عام تعلیم بچے کی سیکھنے کی زبردست صلاحیت کو متاثر کرسکتی ہے۔

کائران کوازی کو 9 سال کی عمر میں ایک کمیونٹی کالج میں داخل کرایا گیا جس کے 2 سال بعد 11 سال کی عمر میں اسے سانتا کلارا یونیورسٹی منتقل کر دیا گیا، جہاں اس نے کمپیوٹر سائنس اور انجینئرنگ کی تعلیم حاصل کی۔

تعلیمی سرگرمیوں کے ساتھ کائران کوازی نے ٹیکنالوجی کمپنی انٹیل کی ریسرچ لیب میں آرٹی فیشل انٹیلی جنس ٹیکنالوجی پر بھی کام کیا۔

کائران کوازی کے مطابق کالج کے ماحول میں اسے محسوس ہوتا تھا کہ وہ درست جگہ پر سیکھ رہا ہے۔

اسے ویڈیو گیمز کھیلنا پسند ہے جبکہ فارغ وقت میں مطالعہ بھی کرتا ہے۔

اس نے بتایا کہ ‘ایسا کچھ بھی نہیں جس کو دیکھ کر ایسا لگے کہ وہ کچھ مختلف ہے، مگر میں زندگی سے لطف اندوز ہو رہا ہوں اور میں نے متعدد قریبی دوست بنائے ہیں’۔

حال ہی میں کائران کوازی نے اسپیس ایکس کے سیٹلائیٹ انٹرنیٹ ڈویژن اسٹار لنک میں ایک ملازمت کا انٹرویو دیا اور کمپنی نے جولائی سے کام شروع کرنے کی پیشکش کر دی۔

اس ملازمت کے باعث کائران کوازی اور ان کی والدہ سانتا کلارا کو چھوڑ کر ریڈ مونڈ منتقل ہونے کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں۔

بچے نے بتایا کہ ‘مجھے واشنگٹن منتقل کرنے کے لیے میری والدہ اپنی زندگی کو مکمل طور پر بدل رہی ہیں، میں ان کا بہت زیادہ شکر گزار ہوں’۔