کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک)وزیر بلدیات سندھ ناصر حسین شاہ نے کہا کہ پی ٹی آئی کے زیر حراست افراد کو ووٹ ڈالنے کے لیے لایا جائیگا، ان افراد کے ووٹ ڈالنے میں کوئی رکاوٹ نہیں ہے ۔
نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتےہوئے ناصر حسین شاہ کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کے بہت سارے لوگ 9 مئی کے بعد پارٹی سے اعلان لاتعلقی کرچکے ہیں، 40 سے زائد لوگ ہیں، جو اپنا علیحدہ گروپ بنا رہے ہیں، اس گروپ کا کہنا ہے کہ وہ نہ تو پیپلز پارٹی کے ساتھ ہے اور نہ ہی جماعت اسلامی کے ساتھ ہیں۔
انہوں نے کہاکہ گرفتار افراد سے متعلق انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا واویلا کرنا افسوسناک عمل ہے، حکومت کی جانب سے کسی بھی سطح پر کوئی ظلم و جبر یا کسی کو سیاسی انتقام کا نشانہ نہیں بنایا جارہا ، صرف انہی لوگوں کو حراست میں لیا گیا ہے جن کے خلاف واضح ثبوت موجود ہیں۔









