ذرا سوچیں کہ آپ کو کوئی رقص کرنے کا کہے تو آپ کتنی دیر کرسکیں گے؟ پانچ منٹ، دس یا 15؟ اگر بہت شوقین ہیں تو زیادہ سے زیادہ آدھا گھنٹہ بغیر رُکے ڈانس کرسکتے ہیں، لیکن حال ہی میں ایک نوعمر لڑکی نے پانچ دن تک ڈانس کرکے گنیز بُک آف ورلڈ ریکارڈ میں اپنا نام درج کروالیا۔
ہندوستان سے تعلق رکھنے والی 16 سالہ طالبہ سروشتی سُدھیر جگتاپ نے پانچ دن تک رقص کیا اور 127 گھنٹے کے وقت کے ساتھ طویل ترین ڈانس میراتھن کا گنیز ورلڈ ریکارڈ توڑ دیا۔
اس سے قبل یہ ریکارڈ نیپالی رقاصہ بندنا نیپال کے پاس تھا جس نے 2018 میں 126 گھنٹے بغیر رُکے رقص کرکے عالمی ریکارڈ قائم کیا تھا۔
گنیز ورلڈ ریکارڈ کے اس میراتھن کے فیصلہ کنندہ سواپنیل ڈنگاریکر کے مطابق سروشتی نے یہ ڈانس اپنے کالج کے آڈیٹوریم میں کیا جہاں اس کے سپورٹرز اس کی حمایت کے لیے موجود تھے۔
New record: Longest dance marathon by an individual – 127 hours set by 16-year-old student Srushti Sudhir Jagtap (India) 💃https://t.co/tzy67emDJ3
— Guinness World Records (@GWR) June 14, 2023
انہوں نے بتایا کہ ‘ان پانچ دنوں میں کئی ایسے لمحات آئے جن میں لگا کہ سروشتی ہار مان لے گی، وہ بہت تھکی ہوئی دکھائی دیتی تھی لیکن اس کی ہمت باندھنے کے لیے اس کے والدین ساتھ تھے، جب سروشتی تھکاوٹ محسوس کرتی تو والدین اس کے چہرے پر پانی سے اسپرے کرتے تاکہ وہ تر و تازہ دکھائی دے’۔
گنیز ورلڈ ریکارڈ کے مطابق سروشتی نے یہ ڈانس 29 مئی کی صبح شروع کیا تھا جو کہ اور 3 جون کی سہ پہر تک جاری رہا اور بالآخر وہ ریکارڈ توڑنے میں کامیاب رہیں۔
*اپنی تاریخی کامیابی کے بعد، سروشتی دن بھر سوتی رہی
سروشتی نے بھارت کو یہ اعزاز دلانے کے لیے ہندوستانی کلاسیکل رقص ‘کتھک’ کا انتخاب کیا، اور کتھک کرکے یہ کامیابی حاصل کی، اس حوالے سے انہوں نے کہا کہ ‘میں اپنی ہندوستانی ثقافت کو فروغ دینا چاہتی تھی۔
سروشتی نے 15 مہینوں تک یوگا نیدرا (meditation technique)کا استعمال کرتے ہوئے تربیت حاصل کی، لڑکی نے اپنے دادا کی رہنمائی میں اس کی ٹریننگ لی، یہ تکنیک دماغی خلیات کو وسیع کرنے، اچھی نیند اور جسم کے حصوں کو کھولنے کے لیے بہترین سمجھی جاتی ہے۔
سروشتی ٹریننگ کے دوران روزانہ چار گھنٹے مراقبہ، چھ گھنٹے رقص اور تین گھنٹے ورزش کیا کرتی تھی اور ہر رات 5 گھنٹے نیند یقینی بناتی تھی۔
تازہ ترین عالمی ریکارڈ ہولڈر نے پہلے ہی گھر پر 126 گھنٹے کی دو ڈانس میراتھن کی پریکٹس کی تھی تاکہ اصل مقابلے والے دن وہ یہ کارنامہ سرانجام دے سکے، جب کہ اس دوران خود کو تازہ دم رکھنے کے لیے سروشتی نے ناریل پانی اور چاکلیٹ کھائی۔
دوران گفتگو 16 سالہ سروشتی نے بتایا کہ ‘میرا جسم حرکت کرنے کے قابل نہیں رہا، رقص کے دوران مجھے ایسا لگا میرا جسم جم گیا ہے، مجھے شدید تکلیف ہورہی تھی لیکن میرا دماغ میرے مقصد پر قائم تھا’۔
سروشتی کو ریکارڈ کے دوران بریک ملا یا نہیں؟
اس قسم کی سب سے طویل میراتھن میں حصہ لینے والوں کو ہر ایک گھنٹے بعد 5 منٹ کا وقفہ دیا جاتا ہے، تاکہ کچھ آرام مل سکے، کے ریکارڈ کے مطابق اس طرح کی میراتھن میں حصہ لینے والوں کو سرگرمی کے ہر گھنٹے کے لیے پانچ منٹ کے آرام کا وقفہ ملتا ہے۔
سروشتی نے زیادہ تر آرام کا وقفہ آدھی رات کو لیا، اس دوران وہ اپنے والدین سے باتیں کرتی تاکہ اس پر نیند غالب نہ آسکے۔









