بھارتی شاعر و نغمہ نگار جاوید اختر نے انکشاف کیا ہے کہ انہوں نے مقبول ترین گانا ’تم کو دیکھا تو یہ خیال آیا‘ صرف 9 منٹ میں لکھا تھا۔
ایک تقریب میں گفتگو کرتے ہوئے جاوید اختر نے بتایا کہ یش چوپڑا کے اسسٹنٹ نے مجھ سے درخواست کی کہ میں اس کی فلموں کیلئے گانے لکھ دوں، اس کے پاس پیسے نہیں تھے لیکن میں نے حامی بھرلی۔
جاوید اختر کا کہنا تھا کہ گیت تو میں نے لکھ دیے لیکن کیونکہ میں بلامعاوضہ کام کر رہا تھا اس لیے ایک گانا ادھورا بھی چھوڑ دیا۔
انہوں نے بتایا کہ اسسٹنٹ ہر شب میرے پاس آتا اور ہم گپ شپ لگاتے رہتے اور کہتے کہ گانا کل مکمل کرلیں گے، پھر ایک دن نصف شب کے بعد اسسٹنٹ نے مجھ سے دوبارہ درخواست کی۔
جاوید اختر نے کہا کہ میں نے اس سے کاغذ قلم منگوایا اور 9 منٹ میں گانا مکمل کرکے اسے دے دیا، اتنا جلدی کام اس لیے کیا کیونکہ مجھے آخری ٹرین پکڑنا تھی۔
یاد رہے کہ ’تم کو دیکھا تو یہ خیال آیا‘ جگجیت سنگھ نے گایا تھا، یہ گیت فلم ’ساتھ ساتھ‘ میں شامل کیا گیا جس میں نینا گپتا، فاروق شیخ، ستیش شاہ اور دیپتی نوال نے مرکزی کردار ادا کیے تھے، فلم 1982 میں ریلیز ہوئی تھی۔
جاوید اختر نے کونسا مقبول فلمی گیت صرف 9 منٹ میں تحریر کیا تھا؟








