بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

قرآن کی بے حرمتی، سویڈش حکومت بڑے ‘ایکشن‘ کیلئے تیار

سویڈن میں عراقی نژاد شخص کی جانب سے عیدالاضحیٰ کے روز سٹاک ہوم کی مرکزی مسجد کے سامنے قرآن کے نسخے کو نذر آتش کیا گیا، جس  پر دنیا بھر میں مسلم امّہ کی جانب سے شدید ردِعمل دیکھنے کو ملا، تاہم اب سویڈن حکومت اس حوالے سے ایک بڑا فیصلہ لینے پر غور کررہی ہے۔

حال ہی میں سویڈن کے وزیر انصاف گنرسٹرومر نے ایک غیر ملکی اخبار کو دورانِ انٹرویو بتایا کہ ’حالیہ پیش آنے والے واقعے کے سبب ملکی سلامتی کو نقصان پہنچا، تاہم مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام کیلئے سویڈش حکومت قرآن اور دیگر مقدس کتب کی بے حرمتی کو جرم قرار دینے پر غور کر رہی ہے’۔

رواں سال سویڈن کی پولیس نے سیکیورٹی کی وجوہات کی بنا پربعض احتجاجی مظاہروں کو منظم کرنے کی متعدد درخواستوں کی منظوری سے انکار کر دیا تھا جس میں قرآن کو جلانا شامل تھا، لیکن سویڈش عدالتوں نے پولیس کے فیصلوں کو یہ کہتے ہوئے مسترد کردیا کہ ایسے اقدامات سویڈن کے جامع آزادی اظہار کے قوانین کی ضمانت ہیں۔

سویڈن کے وزیر انصاف کا موقف ہے کہ ’حکومت موجودہ صورتحال کا جائزہ لے رہی ہے اور یہ معمالہ زیرِ غور ہے کہ آیا ملک کے قانون میں تبدیلی لانے کی ضرورت ہے کہ نہیں‘۔

خیال رہے کہ عیدالاضحیٰ کے موقع پر سویڈن میں قرآن پاک کا ایک نسخہ نذر آتش کرنے کے نتیجے میں جہاں مراکش اور اردن نے احتجاجاً سٹاک ہوم سے اپنے سفیر واپس بلا لیے وہیں عالمِ اسلام کی جانب سے مختلف انداز میں اس واقعے کے خلاف شدید ردِ عمل دیکھنے کو ملا۔