بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

   بھارتی وزیراعظم مودی کل مقبوضہ کشمیر کا دورہ کرینگے،وادی فوجی چھاؤنی میں تبدیل

نئی دہلی/سری نگر(ممتاز رپورٹ) بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کل مقبوضہ کشمیر کا دورہ کریں گے جس کے پیش نظر وادی میں سخت سکیورٹی اقدامات کئے گئے ،ادھر حریت کانفرنس نے نریندر مودی کے دورے کے موقع پر وادی میں مکمل ہڑتال کی کال دے دی ۔بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق وزیراعظم نریند رمودی اپنے دورے کے دوران کشٹواڑ میں دریائے چناب پر 850میگاواٹ کے رتلے اور 540میگاواٹ کے کواڑ پن بجلی منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھیں گے، وہ پنجائتی راج انسٹیٹیوٹ کے ارکان سمیت ایک اجتماع سے بھی خطاب کریں گے۔دوسری جانب بھارتی وزیراعظم کے دورے کے پیش نظر مقبوضہ وادی میں سکیورٹی کے انتہائی سخت اقدامات کئے گئے ہیں، تمام اہم مقامات پر بڑی تعداد میں فوجی تعینات کئے گئے ہیں، نقل و حرکت پر نظر رکھنے کے لیے سی سی ٹی وی کیمروں کا استعمال جاری ہے، اونچی اونچی عمارتوں پر ماہر نشانہ باز بھی تعینات کردیے گئے۔۔دریں اثناکل جماعتی حریت کانفرنس نےکل نریندمودی کے دورے کے موقع پر وادی میں مکمل ہڑتال کی کال دے دی ۔ حریت کانفرنس کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا کہ کشمیری مقبوضہ وادی پر بھارت کے غیر قانونی قبضے کو مسترد کرتے ہیں۔ بیان میں کہا گیا کہ مودی کے دورہ مقبوضہ کشمیر کے موقع پر بھارتی جرائم کے خلاف احتجاجی مظاہرے ہوں گے۔