بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

چین سے افغانستان کیلئے بین الاقوامی مال بردار ٹرین سروس کا آغاز کردیا گیا

لان ژو ( سوسائٹی نیوز)چین کے شمال مغربی صوبے گانسو کے دارالحکومت لان ژو سے ایک مال بردار گاڑی افغانستان کے شہرحیرتان کے لئے روانہ ہوئی جس کے ساتھ ہی ایک نئے مال بردار راستے کا آغاز ہوگیا۔

مال بردار گاڑی میں 15 لاکھ امریکی ڈالرمالیت کے سامان سے بھرے 39 کنٹینرز لادے ہوئے تھے جس میں گاڑیوں کے پرزہ جات ، فرنیچر ، دفتری سامان اور مکینیکل آلات شامل تھے۔

لان ژو میں ڈونگ چھوان ترسیل مرکز سے اپنے سفر کا آغاز کرتے ہوئے مال گاڑی نے چین کے سنکیانگ ویغور خود اختیار خطے میں کاشغر کی سمت سفر شروع کیا۔

کاشغر پہنچنے کے بعد اس سامان کو ٹرکوں کے ذریعے کرغزستان بھیجا جائے گا جہاں سے یہ پھر ریلوے کے ذریعے افغانستان کے شہر حیرتان پہنچے گا۔

ایک ٹرانسپورٹ کمپنی کے مطابق اس مال بردار راستے کے کامیاب آغاز سے چین، کرغزستان، ازبکستان، افغانستان اور بیلٹ اینڈ روڈ سے منسلک دیگر ممالک کے درمیان اقتصادی و تجارتی تعاون اور تبادلوں کو مزید تقویت ملے گی۔

لان ژو چین کے شمال مغرب میں نقل و حمل کا مرکز ہے۔ جہاں سے 20 سے زائد ممالک کے 30 سے زائد شہروں کے لئے بین الاقوامی ٹرینیں چلتی ہیں۔