بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

امریکا نے دہائیوں پرانے کیمیائی ہتھیار تباہ کردئیے

واشنگٹن: امریکا نے اپنے دہائیوں پرانے کیمیائی ہتھیاروں کا ذخیرہ تباہ کردیا۔

غیرملکی میڈیا کے مطابق امریکی صدر جو بائیڈن نے پرانے کیمیائی ہتھیاروں کے ذخیرے کو تباہ کرنے کا اعلان کیا۔

صدر بائیڈن نے بیان میں کہا کہ یہ اعلان کرتے ہوئے فخر ہو رہا ہے کہ کیمیائی ہتھیاروں کے ذخیرے کے آخری حصے کو بھی بحفاظت تباہ کر دیا گیا ہے۔ اس اقدام سے دنیا کو کیمیائی ہتھیاروں کی ہولناکیوں سے محفوظ بنانے کے لیے مدد ملے گی۔ یہ پہلا موقع ہے جب تسلیم شدہ اور معلوم ہتھیاروں کا ذخیرہ تصدیق کے ساتھ تباہ کیا گیا ہے۔
دنیا کے مختلف ممالک نے 1997 میں کیمیائی ہتھیاروں کے خاتمے کے لیے ایک کنونشن پر دستخط کیے تھے۔ امریکا اس معاہدے پر دستخط کرنے والا وہ آخری ملک ہے جس نے ہتھیاروں کے ذخیرے کو تباہ کیا ہے تاہم اس بات کے امکانات ہیں کہ معاہدے میں شامل بہت سےملکوں نے اب بھی خفیہ طور پرہتھیاروں کے ذخیرے رکھے ہوئے ہیں۔

کیمیائی ہتھیاروں پر پابندی کے لیے کام کرنے والی عالمی تنظیم نے امریکا کے اعلان کو ’تاریخی کامیابی‘ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس اعلان کا مطلب یہ ہے کہ دنیا بھر میں تسلیم شدہ کیمیائی ہتھیاروں کے ذخیروں کو مکمل تباہ کردیا گیا ہے اور اس عمل کو واپس نہیں کیا جا سکتا۔