بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

امریکہ میں پاکستانی سفیر مسعود خان کا سمندر پار پاکستانی کمیونٹی کے درمیان اتحاد پر زور

ڈیلاس(ممتازنیوز)امریکہ میں پاکستانی سفیر مسعود خان نے کہا ہے کہ ہماری ایک شخصیت، ایک پہچان، ایک جھنڈا اور ایک ترانہ ہے۔ ہم ایک قوم ہیں۔ پاکستانی کمیونٹی کے درمیان کوئی دراڑ یا تقسیم نہیں ہونی چاہیے۔ اگر کوئی اختلاف ہے بھی تو اس کو ہوا دینے کی بجائے ختم کرنا چاہیے۔
سفیر پاکستان نے کہا کہ پاکستان کا مقدر بہت تباناک ہے۔ پاکستان پر یقین رکھیں۔ ہم تمام طوفانوں اور مشکلات کو عبور کرتے ہوئے اقوام عالم میں ایک کامیاب قوم بن کر ابھریں گے۔
امریکہ میں پاکستانی نژادڈاکٹروں کی تنظیم ‘اپنا’ کے چھیالیسویں سالانہ کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے پاکستانی سفیر مسعود خان نے ان پر زور دیا کہ وہ شکوک و شبہات کو ذہنوں سے نکال دیں، الجھنوں اور مایوسی کو مسترد کریں اور اپنی صفوں میں اتحاد کا مظاہرہ کریں۔
صدر ایسوسی ایشن آف فزیشنز آف پاکستانی ڈیسنٹ آف نارتھ امریکہ ڈاکٹر ارشد ریحان نے بھی انہی جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ‘اپنا’ متحد ہے اور اس کے درمیان کوئی تقسیم نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس کا ثبوت تنظیم کی بھرپور حمایت اور کنونشن کی تمام تقریبات بالخصوص اس کی سالانہ ضیافت میں شرکاء کی ریکارڈ تعداد سے ظاہر ہوتا ہے۔
علاوہ ازیں متعدد پاکستانی امریکی ڈاکٹروں، جنہوں نے سفیر پاکستان سے انفراادی اور گروپس کی شکل میں ملاقات کی ، سے بات کرتے ہوئے مسعود خان نے انہیں یقین دلایا کہ وہ بغیر کسی خوف یا خدشات اپنے نائی کوپ پر پاکستان جا سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ افواہوں کے برعکس اووسیز کے حوالے سے کوئی لسٹ تیار نہیں کی گئی۔ یہ محض پروپیگنڈا ہے۔ اسے مسترد کریں ۔
انہوں نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی ملک کا قیمتی اثاثہ ہیں اور آپ بغیر کسی رکاوٹ کے اپنی مادر وطن کا دورہ کرنے میں آزاد ہیں۔
سفیر نے کہا کہ سمندر پار پاکستانی متحد رہیں اور اپنی مادر وطن کے روشن مستقبل پر پورا یقین رکھتے ہوئے مخالفین کو غلط ثابت کریں۔
اس موقع پر سفیر پاکستان نے اپنا کے صدر ڈاکٹر ارشد ریحان کو شاندار خراج تحسین پیش کیا جن کی قیادت میں 46ویں کنونشن کا انعقاد نہایت احسن طریقے اور تدبر کے ساتھ کیا گیا جس کے نتیجے میں یہ اب تک اپنا کا سب سے بڑا اجتماع تھا تقریب میں تقریباً 4000 ڈاکٹروں، پیشہ ور افراد اور ان کے اہل خانہ نے شرکت کی۔
مسعود خان نے ‘اپنا’ کے کردار اور اسکی خدمات پر بات کرتے ہوئے کہا کہ ‘اپنا’ پاکستان کا روشن چہرہ ہے اور یہ تنظیم پاکستان اور امریکہ کے درمیان پل بنانے والوں کا کردار ادا کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمیں آپ کی کامیابیوں پر فخر ہے اور ہم امید کرتے ہیں کہ آپ امریکہ اور پاکستان کے لئے اپنی خدمات کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔

قرآن پاک کی ایک آیت کا حوالہ دیتے ہوئے جس میں کہا گیا ہے کہ ‘جس نے ایک شخص کی جان بچائی اس نے پوری انسانیت کو بچایا’ ، سفیر پاکستان نے کہا کہ ‘اپنا ‘ کے اراکین شفاء دینے والے اور انسانیت کے لیے امید کی علامت ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آپ جانیں بچاتے ہیں، آپ انسانیت کو بچاتے ہیں۔
مسعود خان نے پاکستان کے تباہ کن سیلاب اور ترکی اور شام میں آنے والے زلزلوں کے دوران ڈیزاسٹر ریلیف رسپانس میں ‘اپنا’ کی خدمات کو خاص طور پر سراہا۔ انہوں نے پاکستان کے سیلاب زدگان کے لئے ریلیف کے حوالے سے ‘ اپنا’ کی جانب سے محض ایک گھنٹے میں نصف ملین ڈالر اکٹھا کرنے کی کامیابی کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ ‘اپنا’ عالمی سطح کی تنظیم بن چکی ہے۔ محض ایک گھنٹے میں نصف ملین ڈالر اکٹھا کرنا تنظیم کی اجتماعی طاقت کی عکاسی کر تا ہے۔
سفیر پاکستان نے کہا کہ ‘اپنا ‘ کے عظیم مشن کی بدولت آج یہ ادارہ سرحدوں کی قیود سے بالا تر ہو کر مصیبت میں گھرے افراد تک پہنچ رہا ہے ۔ انسانیت کی خدمت کے مقصد نے تنظیم کے پروفائل کو بلند کیا ہے۔
مسعود خان نے ایسو سی ایشن آف فزیشنز آف پاکستانی ڈیسنٹ آف نارتھ امریکہ کی پاکستان میں تعلیم، ہیلتھ کیئر اور دیگر اقتصادی شعبوں میں خدمات کی تعریف کی۔ اس ضمن میں انہوں نے خاص طور پر ہیلتھ ٹیک اسٹارٹ اپس، ٹیلی میڈیسن، آن لائن فارمیسیوں اور ہسپتالوں کے قیام کے حوالے سے ‘اپنا’ کی جانب سے سرمایہ کاری کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ ‘اپنا’ کی بدولت نہ صرف ملک کے ہیلتھ کیئر میں بہتری آئی ہے بلکہ اس سے ڈیجیٹل اکانومی کو بھی فروغ ملا ہے۔
سفیر پاکستان نے زور دیا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کی جا ئے اور امریکہ اور پاکستان کے لئے ثمرات حاصل کیے جائیں۔
ڈاکٹر ریحان نے تنظیم کے سماجی اور ڈیزاسٹر ریلیف پروگراموں کے بارے میں تفصیل سے بات کی۔ انہوں نے کہا کہ ایسوسی ایشن آف فزیشنز آف پاکستانی ڈیسنٹ آف نارتھ امریکہ کا مقصد پاکستانیوں کی دوسری اور تیسری نسل کو تنظیم میں شامل کرنا ہے تاکہ اس کے انسانی فلاح و بہبود کے کام کو جاری رکھا جا سکے۔
ٹیکساس سے تعلق رکھنے والے ممتاز پاکستانی نژاد امریکی تاجر اور مخیر حضراتت سید جاوید انور اور یو ایس سمال بزنس ایڈمنسٹریشن کے ڈپٹی ایڈمنسٹریٹر (نامزد) مسٹر دلاور سید نے بھی تقریب سے خطاب کیا۔
تقریب کے دوران پاکستانی سفیر پاکستانی امریکن ڈاکٹروں اور کمیونٹی ممبران سے ملے اور شرکاء کے سوالات کے جواب دیے۔