بیجنگ(مانیٹرنگ ڈیسک)چین نے دنیا کا پہلا ایسا راکٹ زمین کے مدار میں کامیابی سے لانچ کرنے میں کامیابی حاصل کی ہے جس میں میتھین اور سیال آکسیجن کو ایندھن کے طور پر استعمال کیا گیا۔
Zhuque 2 نامی راکٹ کو 12 جولائی کو شمال مغربی چین میں واقع لانچ سینٹر سے زمین کے مدار پر روانہ کیا گیا تھا اور اس نے اپنا مشن کامیابی سے مکمل کیا۔
یہ بیجنگ سے تعلق رکھنے والی کمپنی لینڈ اسپیس کی جانب سے اس ایندھن پر مشتمل راکٹ کو بھیجنے کی دوسری کوشش تھی۔
اس سے قبل دسمبر میں راکٹ کو لانچ کرنے کی کوشش ناکام ثابت ہوئی تھی۔
Zhuque 2 کے مشن کی کامیابی سے چین نے جدید ترین لانچ وہیکلز کی تیاری میں امریکا پر سبقت حاصل کر لی ہے۔
میتھین اور سیال آکسیجن کو ایندھن کے طور پر استعمال کرنے والا انجن دوسرے انجنوں سے زیادہ محفوظ، سستے اور مؤثر ثابت ہو سکتے ہیں۔
چینی کمپنی کا راکٹ 6 ٹن وزن زمین کے مدار میں لے جانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
واضح رہے کہ ایلون مسک کی کمپنی اسپیس ایکس سمیت کئی امریکی کمپنیاں ایسے راکٹ تیار کرنے کی کوشش کر رہی ہیں جن میں میتھین کو ایندھن کے طور پر استعمال کیا جا سکے۔
چین نے یہ کامیابی اس وقت حاصل کی ہے جب اس کی جانب سے 2030 میں انسانوں کو چاند پر بھیجنے کا اعلان کیا گیا۔
چین دنیا کا پہلا میتھین ایندھن استعمال کرنے والا راکٹ خلا میں بھیجنے میں کامیاب








