بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

دودھ سے لائیں چہرے پر شادابی، مگر کیسے؟

ویسے تو غذائی ماہرین ہر وقت خواتین کو یہی مشورہ دیتے ہیں کہ دودھ پئیں ، اس سے جسم کو کیلشیم ملتا ہے ، جس کی وجہ سے ہڈیاں مضبوط ہوتی ہیں۔ خواتین کو بتاتے چلیں کہ دودھ نا صرف ہڈیاں مضبوط کرتا ہے بلکہ یہ تو جلد کی خوبصورتی کو بڑھانے میں بھی اہم کردار ادا کرتا ہے۔

ایک غذائی ماہر تنیا جوشی کا کہنا ہے کہ دودھ جلد کی صحت کو برقرار رکھنے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ اس سے جلد نرم و ملائم ہوجاتی ہے۔ تنیا جوشی بتارہی ہیں کہ کس طرح دودھ کو جلد پر استعمال کیا جاسکتا ہے۔

کلینزر: تنیا کا ماننا ہے کہ دودھ کو بطور کلینزر استعمال کیا جاسکتا ہے۔ دودھ میں یہ خاصیت پائی جاتی ہے کہ یہ چہرے کے اندرونی خلیات سے گردوغبار صاف کردیتا ہے۔ ساتھ ہی یہ جلد کے مردہ خلیات کو ہٹانے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ دودھ جلد پر بلیک ہیڈز اور ایکنی ہونے سے بھی بچاتا ہے۔ یہ چکنی جلد سے زائد چکناہٹ کو دور کرتا ہے اور خشک جلد کو نمی فراہم کرتا ہے تاکہ وہ مزید خشک ہونے سے محفوظ رہے۔

استعمال کرنے کا طریقہ: پہلے روئی کی مدد سے ایک بال بنالیں ۔ پھر اس بال کو دودھ میں بھگوئیں۔ روئی کو چہرے پر پھیریں اور انگلیوں کو گولائی میں گھماتے ہوئے 5 منٹ تک مساج کریں۔ پھر نیم گرم پانی سے چہرہ دھولیں۔

دودھ اور کیلے کاماسک: دودھ خشک جلد کیلئے بہت ہی مفید ہے۔ ایسی جلد کی حامل خواتین جن کی جلد خشکی کی وجہ سے پپڑیوں کی صورت میں اترنے لگ جاتی ہے۔ ایسی جلد کیلئے بھی دودھ کو فائدہ مند پایا گیاہے۔ دودھ کی وجہ سے ان کی جلد کوقدرتی نمی ملتی ہے، جس کی وجہ سے جلد کے خشک ہونے کا عمل رُک جاتا ہے۔ خشک جلد رکھنے والی خواتین روئی کو دودھ میں بھگولیں ، پھر اسے نچوڑ کر نکال لیں۔ چہرے اور ہاتھوں پر اس روئی کو پھیریں،20 منٹ لگائے رکھیں۔ اس کے بعد ٹھنڈے پانی سے ہاتھوں اور چہرے کو دھولیں۔ ایک عدد کیلا لے کر اسے میش کرلیں،اس میں تھوڑا سا دودھ ملا کر پیسٹ سا بنالیں۔ اس پیسٹ کو چہرے پر لگائیں۔ آدھے گھنٹے کیلئے اسے لگائے رکھیں۔ پھر چہرہ دھولیں۔

اسکرب: دودھ کو بطور اسکرب بھی استعمال کیاجاتا ہے۔ اس میں الفا ہائیڈروگزل ایسڈ موجود ہوتا ہے ، جو مہنگی ترین بیوٹی پروڈکٹس میں بطور اہم جُزو ڈالا جاتا ہے۔ الفا ہائیڈروگزل ایسڈ مردہ خلیات کو صاف کرنے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ جس کی وجہ سے جلد چمکدار اور دمکتی ہوئی محسوس ہوتی ہے۔ بطور اسکرب استعمال کرنے کیلئے تھوڑے سے دودھ میں شہد ملائیں اور اسے اچھی طرح مکس کریں۔ ہلکے ہاتھوں سے مساج کریں ، 15منٹ تک مساج کرنے کے بعد نیم گرم پانی سے دھو لیں۔

داغ دھبے دور: اگر آپ اپنے چہرے سے داغ دھبے یا دھوپ کی وجہ سے خراب ہوجانے والی جلد کو ٹھیک کرنا چاہتی ہیں اور اس کیلئے کسی مہنگی بیوٹی پروڈکٹ کا استعمال بھی نہیں کرنا چاہتیں تو بہتر ہے کہ دودھ کو چہرے پر لگالیں۔ اس میں موجود لیکٹک ایسڈ چہرے کے داغ دھبوں کو ہلکا کرتا ہے۔ ماہرین کے مطابق سبز چائے اور دودھ کو برابر مقدار میں ملائیں اور اس میں روئی کو ڈبوکر چہرے پر لگائیں۔ 15منٹ کے بعد چہرہ دھولیں۔

دھوپ سے خراب ہونے والے چہرے پر اگر اس عمل کو ہفتے میں تین مرتبہ دہرایا جائے تو اس سے رنگت بہتر ہوجاتی ہے۔ اگر سمندر کے کنارے پکنک مناکر آئی ہیں ، گھر آکر دھوپ کی وجہ سے چہرہ ٹماٹر کی طرح سرخ ہوجائے اور اس میں جلن بھی ہورہی ہو تو فوراً چہرے پر دودھ لگالیں۔ دودھ چہرے پر پروٹین کی ایک پتلی سی تہہ بنادیتا ہے، ساتھ ہی یہ جلن کو بھی کم کرتا ہے۔