مسلسل گھنٹوں بیٹھنا کتنا خطرناک ہے آئیے جانتے ہیں۔
نوکری پیشہ افراد ہفتے میں پانچ یا چھ دن دفاتر میں کمپیوٹرز کے سامنےبیٹھ کر گزاردیتے ہیں۔ دِن بھر کی مصروفیات کے باعث ایسا کوئی موقع نہیں ملتا کہ دفتر سے باہر نکل کر کوئی ورزش یا کم از کم چہل قدمی ہی کرلیں۔
چلنے پھرنے کی اس کمی کی وجہ سے ہمارے اندر نہ صرف بددلی پیدا ہوتی ہے بلکہ قلبی شریانی امراض کا خطرہ بھی بڑھ جاتا ہے جو عالمی سطح پر ایک بڑی قاتل بیماری سمجھی جاتی ہے۔
دفتری ملازمت کے پیش نظر اگرچہ اس صورتحال سے نمٹنے کیلئے بہت زیادہ کچھ کرنا تو ممکن نہیں ہے لیکن پانچ ایسی ورزشیں ہیں جو کام کا حرج کئے بغیر ہم اپنے ڈیسک پر بیٹھے بیٹھے کرسکتے ہیں۔
(1)جادوئی قالین پر سواری:
اگر آپ زیادہ عمر کے نہیں ہیں اور ایک سخت قسم کی کرسی پر دن گزارتے ہیں تو یہ آپ کے لئے ایک اچھی ورزش ہوسکتی ہے جو آپ کے دھڑ اور بازوئوں کو مضبوط کرے گی۔ دونوں پائوں کو کرسی کی نشست تک اوپر اُٹھائیں اور آلتی پالتی مار کر کرسی پر اس طرح بیٹھ جائیں کہ پائوں نشست پر رہیں۔ اپنا پیٹ پچکا لیں، ہاتھوں کو کرسی کے دستے پر رکھیں۔ اپنا وزن بازوئوں پر ڈالتے ہوئے خود کو سیٹ سے کچھ اِنچ اُوپر کریں۔ ہاتھوں، بازوئوں اور دھڑ کو استعمال کرتے ہوئے اس پوزیشن پر خود کو دس سے پندرہ سیکنڈ تک رکھیں۔ اس کے بعد آہستہ آہستہ خود کو سیٹ تک نیچے لے جائیں۔ تھوڑی دیر آرام کرکے یہ عمل پانچ مرتبہ دُہرائیں۔
(2)کلائی کی ورزش:
اگر آپ ٹائپنگ کرتے رہتے ہیں یا کی بورڈ زیادہ استعمال کرتے ہیں تو اس سے کلائیوں میں تکلیف ہوسکتی ہے جس سے آرام کیلئے یہ ورزش اپنائیں۔ اُنگلیاں نیچے اور ہتھیلی سامنے کرتے ہوئے ایک وقت میں ایک بازو کو آگے کی طرف کھینچیں اور دُوسرے ہاتھ کو استعمال کرتے ہوئے اُنگلیوں کو پیچھے کی طرف موڑیں تا کہ تین سیکنڈ تک بازو کچھ اور کھنچ جائے۔ اس کے بعد اُنگلیوں کو اُوپر کرتے ہوئے یہی عمل دُہرائیں۔ اس کے بعد دُوسرے بازو کے ساتھ بھی یہی کریں۔
(3)پائوں موڑنے کی ورزش:
اگر آپ پرنٹر کے پاس کھڑے ہیں اور اس انتظار میں ہیں کہ دستاویزات باہر نکل کر آئیں تو یہ ٹانگوں کی ورزش انجام دینے کا اچھا موقع ہے۔ اپنی ایک ٹانگ اُٹھا کر اپنی پیٹھ کی طرف موڑیں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ یہ بالکل سیدھی رہے۔ پھر ایک سیکنڈ تک اسے تھامے رکھیں۔ اس کے بعد آہستہ آہستہ اسے نیچے کریں۔ پھر دُوسری ٹانگ کے ساتھ بھی یہی عمل دُہرائیں۔ ٹانگوں کو صحت مند رکھنے کی دُوسری ورزش بیٹھنے کی حالت میں کی جا سکتی ہے۔ وہ اس طرح کہ آپ کرسی پر بیٹھے بیٹھے اپنی ٹانگوں کو سامنے کی طرف پھیلا لیں اور ایک ٹانگ پر دُوسری ٹانگ رکھیں۔ پھر دَھڑ کا استعمال کرتے ہوئے ٹانگوں کو فرش سے اُوپر کریں۔ اپنی اُوپر کی ٹانگ کو نیچے کی ٹانگ پر دبائیں اور نچلی ٹانگ کی مدد سے اس دبائو کی مزاحمت کریں۔ ٹانگوں کو اس حالت میں اس وقت تک رکھیں جب تک کہ پٹھے تھک نہ جائیں۔ اس کے بعد دُوسری ٹانگ کو اُوپر رکھ کر اسی طرح عمل دُہرائیں۔
(4)پنڈلیوں کی مضبوطی کیلئے:
یہ ورزش آپ بیٹھنے نیز کھڑے ہونے کی حالت میں بھی کرسکتے ہیں جو آپ کی پنڈلیوں کو مضبوط کرے گی۔ آپ یا تو بالکل سیدھے کھڑے ہوجائیں یا بیٹھنے کی حالت میں اپنی پیٹھ کو بالکل سیدھ میں رکھیں۔ اس کے بعد اپنی ایڑیوں کو آہستہ آہستہ سے اُوپر کرنا شروع کریں یہاں تک کہ سارا وزن پائوں کی اُنگلیوں پر پڑنے لگے۔ تھوڑی دیر اسی حالت میں رہیں، پھر ایڑی نیچی کرلیں۔ ہر ٹانگ پر 20 مرتبہ یہ عمل دُہرائیں۔ اس کے بعد دونوں ٹانگوں سے بیک وقت 10 مرتبہ ایسا ہی کریں۔ بعد میں پنڈلیاں مضبوط ہو جائیں تو تعداد بڑھائی جا سکتی ہے۔
(5)گردن اور کاندھے کا دَرد دُور کرنے کیلئے:
دفتری زندگی میں گردن اور کاندھے میں درد کا ہونا ایک عام شکایت ہے لیکن پٹّھوں کو کھینچنے والی ایسی ورزشیں ہیں جو نہ صرف درد سے نجات دلاتی ہیں بلکہ ان سے گردن اور کاندھے کے پٹھے مضبوط بھی ہوتے ہیں۔ پہلے گردن کی تکلیف سے نمٹنے کے بارے میں بتاتے ہیں۔ اپنے سر کو دونوں ہاتھوں سے تھام لیں اور دونوں ہتھیلیوں سے پیشانی کو اس طرح دبائیں کہ جیسے سر پیچھے کی طرف دھکیل رہے ہیں اور پھر گردن کے پٹھوں کو استعمال کرتے ہوئے اس کی مزاحمت کریں۔ اس کے بعد دونوں ہاتھوں کو سر کی پشت پر ملا کر رکھیں اور سر کو پیچھے کی طرف دھکیلتے ہوئے اپنے ہاتھوں سے اس کی مزاحمت کریں۔
کاندھوں کو مضبوط بنانے کے لئے کرسی پر بالکل سیدھے بیٹھ کر اپنے کاندھوں کو پیچھے کی طرف اتنا لے جانے کی کوشش کریں کہ آپ کو محسوس ہو جیسے پیٹھ پیچھے کاندھے کی دونوں مخروطی ہڈیاں آپس میں ملنے والی ہیں، پھر آپ یہ سمجھیں کہ ان دونوں ہڈیوں کے درمیان آپ نے کوئی چیز مثلاً پینسل تھام رکھی ہے۔ اس حالت میں 10 سیکنڈ گزاریں، پھر کچھ آرام کر کے یہ عمل دُہرائیں۔









