بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

آلو کا بریانی سے علیحدگی کا امکان، وجہ عمران خان؟

پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے چئیرمین عمران خان کے ’آلو بریانی‘ کیلئے پسندیدگی کا اظہار کرنے کے بعد بریانی میں سے آلو کے چھلانگ لگانے کے امکانات ظاہر کردیے گئے ہیں۔

عمران خان کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر گردش کر رہی ہے جس میں انہیں ایک ایسی بحث پر اپنی ذاتی رائے دیتے دیکھا جاسکتا ہے جو کئی سالوں سے جاری ہے۔

مذکورہ ویڈیو میں چئیرمین پی ٹی آئی نے ’ بریانی ود اُور ودآؤٹ آلو‘ یعنی ’بریانی آلو والی کہ بغیر آلو والی‘ بحث میں اپنی ذاتی پسند بتاتے ہوئے ’آلو بریانی‘ کو ترجیح دی۔

عمران خان کے آلو بریانی پر دیے گئے بیان کے بعد سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پی ٹی آئی کے آفیشل اکاؤنٹ سے ایک طنزیہ ٹوئٹ جاری کیا گیا جس میں عمران خان کے آلو بریانی کی حمایت کرنے کے سبب آلو کا بریانی کی پلیٹ میں سے چھلانگ لگانے کے امکانات کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔

اس ٹوئٹ میں ایک تصویر شامل ہے جس پر آلو بریانی کی پلیٹ کے اوپر لکھا ہوا ہے کہ ’ بریانی والے آلو نے 9 مئی کے واقعات کی شدید مذمت کی، پی ٹی آئی چھوڑنے کا اعلان کرتے ہوئے بریانی کی پلیٹ سے چھلانگ لگا دی‘۔

مذکورہ ٹوئٹ کے کیپشن میں لکھا گیا کہ ’ جس طرح کے حالات چل رہے ہیں ملک میں، یہ بھی ہو سکتا ہے!‘

ٹوئٹ کے آخر میں ہیش ٹیگ ’آلو والی بریانی‘ کا بھی استعمال کیا گیا جو اس وقت پاکستان کے ٹوئٹر ٹرینڈ پینل پر نمبر ون پوزیشن پر موجود ہے۔

واضح رہے کہ پی ٹی آئی کا یہ ٹوئٹ 9 مئی کے واقعات کے بعد پارٹی رہنماؤں کی یکے بعد دیگرے گرفتاری اور اس کے بعد پی ٹی آئی سے علیحدگی اختیار کرنے کے اعلان کی طرف اشارہ ہے۔