بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

شہزادی ڈیانا نے حسن شہریار یاسین کو فیشن ڈیزائنر بننے کیلئے کیسے متاثر کیا؟

پاکستان کے معروف فیشن ڈیزائنر و اداکار حسن شہر یار یاسین نے انکشاف کیا ہے کہ اُنہیں فیشن ڈیزائنر بننے کے لیے شہزادی ڈیانا نے متاثر کیا۔

حسن شہریار یاسین پاکستان کے نامور ڈیزائنرز میں سے ایک ہیں اور ان کا شمار ملک میں فیشن انڈسٹری کے علمبرداروں میں ہوتا ہے۔

اُنہوں نے حال ہی میں نجی ٹی وی کے ایک شو میں بطور مہمان شرکت کی جہاں اُنہوں نے فیشن انڈسٹری میں اپنے شاندار کیریئر کے بارے میں دلچسپ گفتگوکی۔

اُنہوں نے بتایا کہ میری پرورش والدین کی علیحدگی کے باعث امریکا میں ہوئی اور میں اپنی والدہ کی ملازمت کی وجہ سے کچھ عرصہ لندن میں بھی رہا اور وہاں مجھے شاہ چارلس اور شہزادی ڈیانا کی شادی دیکھنے کا موقع ملا اور میں نے شہزادی ڈیانا کو خوبصورت لباس پہنے شاہی بگی سے باہر نکلتے ہوئے دیکھا۔

حسن شہریار یاسین نے کہا کہ شہزادی ڈیانا کو یوں دیکھنے کے بعد ہی مجھے فیشن ڈیزائننگ میں دلچسپی ہوئی۔

اُنہوں نے بتایا کہ کئی سال بعد جب میں نے پاکستان کے دورے پر آئے شہزادہ ولیم سے ملاقات کی تو انہیں بھی بتایا کی آپ کی والدہ نے مجھے فیشن ڈیزائنر بننے کے لیے متاثر کیا تھا اور پھر اس شعبے میں اپنا مقام بنانے میں کامیابی حاصل کرنے کے لیے جدوجہد کرنے کی ہمت بھی آپ کی والدہ سے ہی ملی۔

حسن شہریار یاسین نے بتایا کہ مجھے فیشن ڈیزائنر بننے کی جدوجہد کرنے کے لیے ہمت شہزادی ڈیانا کے 1996ء میں دیے گئے ایک انٹرویو سے جس میں اُنہوں نے کہا تھا کہ وہ برطانیہ کی نہیں بلکہ لوگوں کے دلوں کی ملکہ بننا چاہتی ہیں اور پھر اسی مقصد کے لیے جدوجہد کرتے ہوئے1997ء میں ان کے انتقال سے ملی۔

اُنہوں نے اپنی بات مکمل کرتے ہوئے کہا کہ میں شہزادہ ولیم کو یہ بھی کہا کہ آج اس شعبے میں میرے25 سال مکمل ہوگئے ہیں اور سب سے خوبصورت بات یہ ہے کہ آج آپ مجھ سے یہ کہہ رہے ہیں کہ میرا کام اچھا ہے۔