بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

امام عالی مقام کی تعلیمات پرعمل پیرا ہو کر فرقہ واریت اور انتہا پسندی کے روجحانات سے محفوظ رہ سکتے ہیں ،شاہ محمود قریشی

ملتان(مقبول حسین) پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین مخدوم شاہ محمود حسین قریشی نے کہا ہے کہ یہ ایک مسلمہ حقیقت ہے کہ ملتان ہمیشہ سے امن کا گہوارہ رہا ہے جس کی اصل وجہ یہی ہے کہ یہاں کے سنی شیعہ عزادار مل کرعاشورہ محرم عقیدت و احترام سے مناتے ہیں،حضرت امام حسین ؓاوریزید کی جنگ 14سو سال سے جاری ہے۔ امام حسین نے اپنے خانوادہ کو قربان کرکے ثابت کیا کہ وہ کٹ تو سکتے ہیں مگر ظالم اور جبر کے سامنے جھک نہیں سکتے۔ حضرت امام حسینؓ نے ظالم کے سامنے کلمہ حق بلند کیا اور رہتی دنیا تک کے لوگوں کو حق کا پیغام دیا دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ کی رحمت خاص سے امن و امان قائم رہے۔
وہ گزشتہ روز امام بارگاہ حیدری کمیٹی دولت گیٹ ملتان میں عزاداری امام حسین کونسل کے مرکزی چیرمین خاور شفقت بھٹہ کی قیادت میں قدیمی تعزیہ استاد والا سمیت مختلف امام بارگاہوں کے متولی اور لأئسنس داران سے ملاقات کے موقع پراظہار خیال کر رہے تھے ۔
انہوں نے کہا ملتان میں قیام امن اور اتحاد کے حوالے سے الحاج شفقت حسنین بھٹہ مرحوم کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا اور کہا کہ مجھے خوشی ہے ان کی اولاد اپنے والد کے مشن کو جاری رکھے ہوئے ہے۔اس موقع پر سہیل خاور بھٹہ۔ سید طالب حسین پرواز۔انجینئرسخاوت سیال۔ لائیسنسداران استاد والا شاہ زیب حسن،امام بارگاہ حسین،آباد دولت گیٹ کے شجر عباس کھوکھر،استانہ رمضان شاہ والا سے محمد آصف جھمٹ،عامر رضا جعفری،جمیل عباس،محمد فہیم۔ضیاض خان۔جاوید خان سید عمران گردیزی و دیگر موجود تھے مخدوم شاہ محمود نے اس موقع پر خصوصی دعا کرائی۔قبل ازیں اپنی رہائش گاہ پر انجمن تحفظ عزاداری کے صدر مہر مزین حسین چاون کی قیادت میں وفد سے ملاقات کی جس میں سید انیس نقوی‘ بشارت قریشی‘ اخلاق حیدر صدیقی‘ قدیمی امام بارگاہ شاگرد کے لائسنسدار اور امام بارگاہ چوک شاہ عباس کے لائسنسدار سمیت ملتان کے قدیمی امام بارگاہوں کے لائسنسدار شامل تھے۔
شاہ محمود قریشی نے کہاکہ ملتان ہر دور میں امن کا گہوارہ رہا ہے۔ یہ محرم بھی انشاء اللہ امن و امان کے حوالے سے مثالی ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ پر آشوب دور میں ضرورت اس امر کی ہے کہ امام عالی مقام کا پیغام اور تعلیمات پھیلائی جائیں۔ امام عالی مقام کی تعلیمات پرعمل پیرا ہو کر فرقہ واریت اور انتہا پسندی کے روجحانات سے محفوظ رہ سکتے ہیں۔ بعد ازاں انہوں نے محرم الحرام میں امن وامان اور بلخصوص ملکی سلامتی اور ترقی کے لئے خصوصی دعا کروائی۔