اسلام آباد: جناح ہاؤس حملے کی تفتیش کے دوران جے آئی ٹی افسران کو دھمکانے پر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین کے خلاف ایف آئی آر درج کرلی گئی۔
پولیس کے مطابق چیئر مین پی ٹی آئی کے خلاف ایف آئی آر تھانہ قلعہ گجر سنگھ میں درج کی گئی، ایف آئی آر انچارج انوسٹی گیشن قلعہ گجر سنگھ محمد سرور کی مدعیت میں درج کی گئی۔
ایف آئی آر کے متن میں کہا گیا کہ عمران خان کو تھانہ سرور روڈ کے مقدمہ 96/23 میں تفتیش کے لیے بلایا گیا، چئیرمین پی ٹی آئی نے جے آئی ٹی سربراہ عمران کشور اور ممبران کو انگلی کے ساتھ ڈرایا دھمکایا اور کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت واپس آ رہی ہے، آپ سن لیں آپ نے رہنا نہیں ہے۔
ایف آئی آر میں مزید کہا گیا کہ تفتیش کے دوران کسی بھی افسر کو ڈرانا اور کہنا کہ میں انتقامی کارروائی کا نشانہ بناوں گا، آزادانہ اور غیر جانبدرانہ تفتیش کو روکنا ہے۔۔ ملزم کا یہ عمل قانونی ضابطہ کی خلاف ورزی ہے۔









