بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافہ مہنگائی کا نیا طوفان لائے گا، احسن بختاوری

اسلام آباد (ممتازنیوز) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احسن ظفر بختاوری نے کہا کہ حکومت نے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں تقریبا 20روپے فی لیٹر اضافہ کر دیا ہے جوبہت غیر معمولی اضافہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سے ملک میں مہنگائی کا ایک نیا طوفان آئے گا اور اور عوام کی قوت خرید میں مزید کمی ہونے سے کاروباری سرگرمیاں ماند پڑ جائیں گی جبکہ معیشت کی بحالی کا عمل بہت متاثر ہو گا لہذا انہوں نے پرزور مطالبہ کیا کہ کاروبار اور عوام کو مہنگائی کے تباہ کن نتائج سے بچانے کیلئے حکومت اپنے فیصلے پر فوری نظرثانی کرے۔انہوں نے کہا کہ یکم اگست 2022کو پاکستان میں پیٹرول کی قیمت تقریبا 227روپے تھی جو یکم اگست 2023کو بڑھ کر تقریبا 273روپے فی لیٹر تک پہنچ گئی ہے اس طرح ایک سال کے عرصے میں پیٹرول کی قیمت میں 20فیصد سے زائد اضافہ کر دیا گیا ہے۔ ڈیزل کی قیمت یکم اگست 2022کو تقریبا 245روپے فی لیٹر تھی جو یکم اگست 2023کو بڑھ کر 273.40روپے فی لیٹر تک پہنچ گئی جس سے عوام مزید مہنگائی کی چکی میں پس جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ایل پی جی کی قیمت میں بھی بے جا اضافہ کر دیا گیا ہے جبکہ گذشتہ دنوں حکومت نے بجلی کی قیمت میں ساڑھے سات روپے فی یونٹ مزید اضافہ کر دیا جس وجہ سے پاکستان میں گھریلو صارفین سمیت کمرشل اور صنعتی صارفین کو خطے میں مہنگی ترین بجلی فراہم کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈیزل مہنگا ہونے سے ٹرانسپورٹ کی لاگت مزید بڑھ جائے گی جو شدید مہنگائی کا باعث بنے گی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے تاجربرادری کے ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
احسن بختاوری نے کہا کہ ایک طرف سٹیٹ بینک آف پاکستان نے شرح سود کو بڑھا کر22فیصد کر دیا ہے جس سے نجی شعبے کیلئے قرضے مزید مہنگے ہوگئے ہیں جبکہ پیٹرولیم مصنوعات اور بجلی کی قیمتوں میں موجودہ اضافہ پیداواری لاگت میں غیر معمولی اضافہ کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہماری برآمدات مزیدمہنگی ہوں گی جس سے عالمی مارکیٹ میں ہماری مصنوعات کیلئے مقابلہ کرنا بہت مشکل ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں بار بار تیل، گیس اور بجلی کی قیمتوں میں اضافہ کرنے سے کون یہاں آ کر کاروبار اور سرمایہ کاری کرے گا۔ انہوں نے پرزور مطالبہ کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کر کے عوام پر ناقابل برداشت بوجھ ڈالنے کی بجائے حکومت آئیل مارکٹنگ کمپنیوں کے شرح منافع میں مناسب کمی کر ے اور تمام غیر ضروری اخراجات میں نمایاں کٹوتی کرے۔ انہوں نے کہا کہ ان مشکل حالات میں سخت فیصلے کرنے کی بجائے حکومت کاروبار کیلئے آسانیاں پیدا کرنے پر توجہ دے تا کہ کاروبار کو بہتر فروغ ملے اور برآمدات میں اضافہ ہو جس سے معیشت کو مشکلات سے نکالنے میں مدد ملے گی۔
آئی سی سی آئی کے سینئر نائب صدر فاد وحید اور نائب صدر انجینئر اظہرالاسلام ظفر نے کہا کہ یوٹیلیٹی ٹیرف میں بے جا اضافے سے کاروباری طبقے اور سرمایہ کاروں کا اعتماد متزلزل ہو گا کیونکہ ان کو کاروبار اور سرمایہ کاری کیلئے قیمتوں میں استحکام کی ضرورت ہوتی ہے۔ انہوں نے پرزور مطالبہ کیا کہ کاروبار، عوام اور معیشت کو مزید مشکلات سے بچانے کیلئے پیٹرولیم مصنوعات اور بجلی و گیس کی قیمتوں میں اضافے پر نظرثانی کی جائے۔