بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

24ہزار ڈالر، دُنیا کی مہنگی ترین حجامت کون کرواتا ہے ؟

برطانیہ میں اگر آپ اپنے بال ترشوانے کیلئے کسی ہیئر ڈریسر کے سیلون میں جائیں تو وہ آپ سے ڈھائی پاؤنڈ چارج کر سکتا ہے۔

اگر وہ کوئی بہت نامی گرامی ہیئر ڈریسر ہے تو زیادہ سے زیادہ 30 پاؤنڈ کا مطالبہ کرے گا لیکن شاید آپ کو یقین نہ آئے کہ برونائی کے سلطان حاجی حسن البلقیہ لندن کے ایک حجام کو اپنے بال ترشوانے کے عوض 15 ہزار پائونڈ یا 24 ہزار ڈالر ادا کرتے ہیں اور اس حوالے سے یہ دُنیا کی مہنگی ترین حجامت قرار دی جاتی ہے۔

وہ گزشتہ دو عشروں سے اسی باربر سے اپنی حجامت بنوا رہے ہیں، 2009ء میں دُنیا کو پہلی بار پتہ چلا تھا کہ برونائی کے سلطان، جو اس وقت 20 ارب ڈالر کے مالک تھے، اتنی خطیر رقم کین موڈیسٹو کو ادا کرتے ہیں جن کا لندن کے مے فیئر کے علاقے میں واقع ڈورچیسٹر ہوٹل میں ہیئر ڈریسنگ سیلون ہے جہاں وہ 30پائونڈ کی ادائیگی پر اپنے گاہکوں کی ہیئرڈریسنگ کرتے ہیں۔

2009ء میں سلطان حسن البلقیہ نے سنگارپور ایئر لائنز کی ایک پرواز میں اپنے ہیئر ڈریسر کو لندن سے برونائی لانے کے لئے ایک پرائیویٹ سوٹ بک کروائی تھی۔

اس وقت مشرق بعید کے ملکوں میں سوائن فلو کی وبا پھیلی ہوئی تھی اور برونائی کے سلطان یہ نہیں چاہتے تھے کہ کین موڈیسٹو 7ہزار میل دُور سے عام مسافروں کے ساتھ طیارے میں سفر کرتے ہوئے ان تک اس حال میں پہنچیں کہ ان میں وائرل انفیکشن کا خطرہ موجود ہو لہٰذا انہوں نے طیارے میں باربر کے پرائیویٹ لگژری کیبن کیلئے الگ سے 18 ہزار ڈالر کی ادائیگی کی۔

ہر تین یا چار ہفتے کے بعد کین موڈیسٹو لندن سے برونائی تک کا فرسٹ کلاس میں فضائی سفر کرتے ہیں۔

برونائی میں تین سے چار دن ان کا قیام بہترین ہوٹل میں ہوتا ہے جہاں پُرتعیش طعام و قیام سب کچھ سلطان کے کھاتے میں ہوتا ہے اور انہیں صرف وائوچرز پر دستخط کرنے ہوتے ہیں۔

لندن واپسی کے موقع پر انہیں ایک موٹا لفافہ پیش کیا جاتا ہے جس میں کرنسی نوٹ بھرے ہوتے ہیں۔