بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

پورا بلوچستان بشمول اراکین قومی اسمبلی اور سینٹ   نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے سامنے بےبس ہیں،سینیٹر پرنس آغا عمر احمدزئی

اسلام آباد(ممتازنیوز)سینیٹر پرنس آغا عمر احمدزئی نے کہاہے کہ بلوچستان کو پاکستان سے منقطع کرنے کاکام جو بیرونی دشمن اربوں ڈالر خرچ کرکے نا کرسکے وہ نیشنل ہائی وے اتھارٹی نے کر دیکھایا،پورا بلوچستان بشمول اراکین قومی اسمبلی اور سینٹ وفاق کے ایک ادارہ نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے سامنے بےبس ہیں۔ سینٹ کے 331 اجلاس میں دھواں دار خطاب کرتے ہوئے سینیٹر پرنس آغا عمر احمدزئی نے کہاکہ پنجرہ پل کی تعمیر کے لیے پورا بلوچستان وفاق کے سامنے ہاتھ پھیلائے کھڑا ہے وفاق کی غیر سنجیدگی بلوچستان کے زخموں پر مزید نمک پاشی ہےغیر اہم منصوبوں کے ہر روز افتتاح کیے جا رہے ہیں یہاں پورا صوبہ ملک سے زمینی طور پر کٹا ہوا ہے اس کی کسی کو پروا نہیں۔ انہوں نے کہاکہ معدنی وسائل وساحل سمیت معیشیت و دیگر قومی فیصلوں پر بلوچستان کو شامل نا کرنا مزید پسماندگی و غیر اعتمادی کی جانب پیش رفت ثابت ہو گی۔جس کا فائدہ پاکستان کو غیر مستحکم کرنے والی بیرونی قوتوں کو ہو گا۔ سینیٹر پرنس آغا عمر احمدزئی نے کہاکہ وفاق کو جتنی دلچسپی اور پروا بلوچستان کے پہاڑوں کے نیچے ہے اتنی دلچسپی اگر پہاڑوں کے اوپر بسنے والوں میں ہوتی تو ملک مزید مضبوط و مستحکم ہوتا۔ پاک چین گوادر یونیورسٹی کسی صورت لاہور میں بننے نہیں دیں گے۔ سینیٹر پرنس آغا عمر احمدزئی نے کہا کہ گوادر ائیرپورٹ کسی بلوچستانی کے نام کے بجائے کسی دوسرے صوبے کی شخصیت کے نام سے منسوب نہیں ہونے دیں گے۔ انہوں نے کہاکہ کیا بلوچ پشتونوں نے قیام پاکستان میں دیگر اقوام سے کم قربانیاں دی ہیں؟ بلوچستان کمزور ضرور ہے لاوارث نہیں۔ دریں اثنا پرنس آغا عمر احمدزئی کی کال پر بلوچستان عوامی پارٹی، پاکستان تحریک انصاف، عوامی نیشنل پارٹی، نیشنل پارٹی اور پشتونخواہ ملی عوامی پارٹی کے سنیٹرز سے ایوان سے احتجاجاً واک آوٹ کیا۔