پاکستانی اور بین الاقوامی شہرت یافتہ، ورسٹائل اداکارہ میرا جی نے ’غیبی طاقت’ رکھنے کا ہوشربا انکشاف کردیا۔
اپنی خاص انگریزی کی بدولت مقبولیت حاصل کرنی والی اور لالی وڈ فلم انڈسٹری میں اپنی لازوال اداکاری سے جگہ بنانے والی اداکارہ میرا جی نے حال ہی میں تابش ہاشمی کے کامیڈی شو ’ہنسنا منع ہے’ میں شرکت کی۔
اداکارہ نے دوران گفتگو مختلف موضوعات پر بات کرنے کےساتھ ساتھ تہلکہ خیز انکشاف بھی کر ڈالا۔
میرا کا اپنے آباؤاجداد کا احوال دیتے ہوئے کہنا تھا کہ ’میرا تعلق ایک مذہبی گھرانے سے رہا ہے، میں بھی اوائل دور میں ٹوپی والا برقع پہنا کرتی تھی ’۔
اداکارہ نے بتایا کہ ان کے دادا ایک حکیم اور بہت مذہبی آدمی تھے۔ ان کے پاس مؤکلوں کو قابو کرنے کی طاقت تھی۔ اور لوگ ان کے پاس اپنی دعاؤں کے لیے آتے تھے اور ان کی دعائیں ہمیشہ پوری ہوجاتی تھیں۔
میرا نے مزید یہ دعویٰ بھی کیا کہ وہ اپنی دادی اور دادا کے پاس رہتی تھی اور ان کے پاس بھی اپنے دادا جیسی طاقت تھی۔ وہ پریوں یا مؤکلوں کو دیکھ سکتی تھیں جو ان کے دادا کے قابو میں تھے۔
واضح رہے کہ اداکارہ پاکستان سمیت ہندوستانی فلموں میں بھی راج کرچکی ہیں،اپنے کام اور نام کی بدولت 46 سالہ اداکارہ کا شمار آج بھی نامور اداکاراؤں میں کیا جاتا ہے۔









