اسلام آباد (ممتازنیوز) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی طرف سے لندن میں مقیم پاکستان کی ممتاز کاروباری شخصیت راجہ محمد عادل کے اعزاز میں ایک پروقار تقریب منعقد کی گئی جس میں راجہ محمد عادل نے برطانیہ میں اپنی زندگی کی طویل جدوجہداور کاروبار کے میدان میں نمایاں کامیابیوں سے تاجر برادری کو آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ برطانیہ اور پاکستان کے درمیان کاروباری تعلقات کو فروغ دینے کے عمدہ مواقع موجود ہیں جن سے فائدہ اٹھانے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ وہ1963میں لندن گئے تھے اور وہاں اپنی پیشہ وارانہ زندگی کا آغاز ایک بس ڈرائیور کی حیثیت سے کیا تھاتاہم بعد میں ایک چھوٹی سی دکان سے اپنا کاروبار شروع کیا اور کاروبار کے میدان میں نمایاں کامیابیاں حاصل کیں۔ آج ان کا کاروبار بہت پھیل چکا ہے جس کو اب ان کے بیٹے سنبھا ل رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ تمام ترکامیابیاں ایک مسلسل محنت اور جدوجہد کے نتیجے میں حاصل کی گئیں۔ لند ن میں ہمیشہ پاکستانیوں کی مدد کی ہے اور ان میں سے بعض نے سیاست اور تجارت میں اپنا نام روشن کیا ہے۔نوجوانوں کے نام اپنے پیغام میں راجہ محمد عادل نے کہا کہ آج کا نوجوان شارٹ کٹ کے ذریعے آگے بڑھنا چاہتا ہے تاہم اس طریقے سے کبھی بھی نمایاں کامیابی حاصل نہیں کی جا سکتی کیونکہ زندگی میں کسی بھی شعبے میں آگے بڑھنے کیلئے دیانتداری کے ساتھ مسلسل محنت اور جدوجہد کی ضرورت ہوتی ہے۔
اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احسن ظفر بختاوری نے کاروبار کے شعبے میں بے شمار کامیابیاں حاصل کرنے پر راجہ محمد عادل کو خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ راجہ محمد عادل لندن میں پاکستان کی ایک پہچان ہیں اور یو کے پاکستان چیمبرآف کامرس میں بھی اپنا فعال کردار ادا کرتے رہے ہیں۔
انہوں نے ہمیشہ پاکستان کی عزت و وقار میں اضافہ کرنے کیلئے اپنا کردار ادا کیا جو قابل ستائش ہے۔انہوں نے کہا کہ برطانیہ میں مقیم پاکستانی سرمایہ کار پاکستان میں کاروبار اور سرمایہ کاری پر توجہ دیں جس سے پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاری میں اضافہ ہو گا۔ پاکستان اور برطانیہ کے مابین باہمی تجارت کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس وقت دونوں ممالک کی دوطرفہ تجارت 5ارب پاؤنڈز سے بھی کم ہے جو دونوں کی اصل صلاحیت سے مطابقت نہیں رکھتی لہذا ضرورت اس بات کی ہے کہ دونوں ممالک دوطرفہ تجارت کو کم از کم 10 ارب پاؤنڈ سالانہ تک بڑھانے کیلئے کوششیں تیز کریں۔
چیمبر کے سابق صدر اور یو بی جی کے سیکرٹری جنرل ظفر بختاوری نے کہا کہ راجہ محمد عادل جیسی شخصیات آج کے نوجوانوں کیلئے ایک رول ماڈل ہیں اور زندگی میں آگے بڑھنے کیلئے نوجوانوں کو ان کے تجربات سے فائدہ اٹھانا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ راجہ محمد عادل کا شمار اس وقت لندن میں مقیم امین ترین پاکستانی بزنس مینوں میں ہوتا ہے اور ان کی کامیابی کے پیچھے مسلسل محنت، لگن اور ایمانداری کے اصول کارفرما ہیں لہذا نوجوانوں کو بھی چاہیے کہ وہ انہی اصولوں کو اپنا کر زندگی میں آگے بڑھنے کی کوشش کریں۔سی ڈی اے کے سابق ڈائریکٹر جنرل میجر حسن، افتخار انور سیٹھی، خالد چوہدری، ناصر چوہدری، عباس ہاشمی، بابر چوہدری، نگینہ خلیق اور دیگر نے بھی اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔
پاک برطانیہ کاروباری تعلقات بڑھانے کے مواقع موجود ہیں،راجہ محمد عادل ،تجارتی حجم کوسالانہ 10 ارب پاؤنڈ تک لاناچاہئے، ظفر بختاوری







