اسلام آباد(ممتازنیوز)وزیرداخلہ راناثنااللہ نے کہاہے کہ نگران وزیراعظم کے لیے سابق وزیر خزانہ حفیظ شیخ اور سپریم کورٹ کے ایک ریٹائرڈ جج کا نام بھی شارٹ لسٹ ہونے والوں میں شامل ہے۔
نجی ٹی وی سی گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ نگران وزیراعظم کے لیے شارٹ لسٹ ہونے والوں میں اسحاق ڈار اور شاہد خاقان عباسی کا نام شامل نہیں۔
انہوں نے کہاکہ سابق وزیرخزانہ حفیظ شیخ اور سپریم کورٹ کے ایک ریٹائرڈ جج کا نام شارٹ لسٹ ہونے والوں میں شامل ہے، منگل یا بدھ تک نگران وزیراعظم کے نام کا فیصلہ ہوجائےگا۔
یاد رہےکہ حفیظ شیخ تحریک انصاف کے دور حکومت میں سابق وزیراعظم عمران خان کے مشیر خزانہ اور پھر وفاقی وزیر خزانہ بھی رہ چکے ہیں، وہ سینیٹ میں اسلام آباد کی نشست سے تحریک انصاف کے امیدوار بھی رہے، انہیں پیپلز پارٹی کے رہنما اور سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کے مقابلے میں شکست ہوئی تھی۔
ادھرنجی ٹی وی کے مطابق نگران وزیراعظم کے لیے پیپلز پارٹی کے رہنما اور سابق گورنر پنجاب مخدوم احمد محمودکا نام بھی زیر غور ہے۔
مخدوم احمد محمود، شاہد خاقان عباسی اور حفیظ شیخ کےناموں پر مشاورت جاری ہے۔اس کے علاوہ نگران وزیراعظم کے لیے اسلم بھوتانی اور فواد حسن فواد کے نام بھی سامنے آرہے ہیں۔
خیال رہےکہ وزیراعظم شہباز شریف نے 9 اگست کو قومی اسمبلی تحلیل کرنےکی تاریخ دی ہے۔
واضح رہےکہ موجودہ قومی اسمبلی کی مدت 12 اگست کی رات 12 بجے ختم ہو رہی ہے۔
نگران وزیراعظم کیلئے شارٹ لسٹ ہونیوالوں میں حفیظ شیخ بھی شامل ہیں: رانا ثنااللہ








