بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بہتر ترقی کیلئے بارہ کہو کو اسلام آباد کی میونسپلٹی حدود میں شامل کیا جائے، احسن بختاوری

اسلام آباد (ممتازنیوز) بارہ کہو کی مرکزی انجمن تاجراں کے ایک وفد نے صدر راجہ زاہد دھنیال کی قیادت میں اسلام آبا د چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ کیا اور چیمبر کے صدر احسن ظفر بختاوری کو تاجروں کے مسائل سے آگاہ کیا۔ انجمن کے نائب صدر شاہ انور، سیکرٹری جنرل سید حسنین شاہ، نوید عباسی، مسعود بلوچ اور دیگر وفد میں شامل تھے۔
وفد سے خطاب کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احسن ظفر بختاوری نے کہا کہ بارہ کہو اب ایک بڑا تجارتی مرکز بن گیا ہے لیکن دیہی علاقے میں ہونے کی وجہ سے وہاں کے تاجر متعدد مسائل کا شکار ہیں لہذا انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ بارہ کہو کو اسلام آباد کی میونسپلٹی حدود میں شامل کیا جائے جس سے اس علاقے کوبہتر ترقی ملے گی اور تجارتی سرگرمیوں میں اضافہ ہو گا۔ انہوں نے وفد کو یقین دہانی کرائی کہ بطور سی ڈی اے بورڈ ممبر، وہ بارہ کہو کے مسائل حل کرانے کیلئے اپنا فعال کردار ادا کریں گے۔ انہوں نے کہا وہ اپنی طرف سے پوری کوشش کریں گے کہ چیئرمین سی ڈی اے کو بارہ کہو مارکیٹ کا دورہ کرائیں تا کہ وہ خود مسائل کو دیکھ کر ان کے جلد حل کیلئے اقدامات کریں۔ انہوں نے وفد کو یقین دہانی کرائی کہ آئی سی سی آئی بارہ کہو کے تاجروں کی بہتری کی کوششوں میں مرکزی انجمن تاجراں کے ساتھ بھرپور تعاون کرے گا۔
اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے بارہ کہو کی مرکزی انجمن تاجراں کے صدر راجہ زاہد دھنیال نے کہا کہ بارہ کہو ابھی تک دیہی علاقے میں شمار ہوتا ہے جس وجہ سے مسائل جلد حل نہیں ہو رہے اور تاجر گوں نا گوں مشکلات کا شکار ہیں۔ انہوں نے پرزور مطالبہ کیا کہ بارہ کہو کی بہتر ترقی یقینی بنانے کیلئے اس کو اسلام آباد کی میونسپلٹی حدود میں شامل کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ بارہ کہو میں سیوریج کے سنگین مسائل درپیش ہیں جبکہ نکاسی آب کا نظام بھی غیر تسلی بخش ہے لہذا ضرورت اس بات کی ہے کہ سی ڈی اے ان مسائل کو فوری حل کرنے کی کوشش کرے۔ انہوں نے کہا کہ سملی ڈیم سڑک کی حالت بہت خراب ہو چکی ہے لہذا سی ڈی اے اس کو جلد مرمت کرے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بارہ کہو میں بائی پاس کا افتتاح ہو چکا ہے لیکن پل کے نیچے والی سڑک ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہو چکی ہے لہذا سی ڈی اے اس کی مرمت اور کارپٹنگ پر توجہ دے۔ انہوں نے کہا کہ بارہ کہو میں صفائی کے انتظامات نہ ہونے کے برابر ہیں جس وجہ سے علاقہ گندگی کا شکار ہے جبکہ بارہ کہو مارکیٹ میں فلٹریشن پلانٹ اور واش رومز کی بھی اشد ضرورت ہے لہذا انہوں نے مطالبہ کیا کہ سی ڈی اے اور میٹروپولیٹن کارپوریشن بارہ کہو میں صفائی کے انتظامات بہتر کریں اور فلٹریشن پلانٹ و واش رومز کی دستیابی یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ بارہ کہو مارکیٹ میں پارکنگ کی کوئی سہولت دستیاب نہیں ہے جس سے تاجروں سمیت گاہکوں کو بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے لہذا انہوں نے پورزور مطالبہ کیا کہ سی ڈی اے بارہ کہو میں ملٹی سٹوری پارکنگ پلازہ تعمیر کرے۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ بارہ کہو کی مرکزی انجمن تاجراں مسائل حل کرانے کی کوششوں میں اسلام آباد چیمبر آف کامرس کے ساتھ ہر ممکن تعاون کرے گی۔
آئی سی سی آئی کے سابق صدر اور یو بی جی کے سیکرٹری جنرل ظفر بختاوری نے کہا کہ بارہ کہو میں تاجروں کی کثیر تعداد کاروبار کو فروغ دینے میں مصروف ہے اور لاکھوں افراد کا روزگار اس مارکیٹ سے وابستہ ہے لہذا انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ سی ڈی اے اور ایم سی آئی بارہ کہو کو جدید خطوط پر ترقی دینے کی کوشش کریں۔ چیمبر کے سابق سینئر نائب صدور خالد چوہدری اور جمشید اختر شیخ، مقصود تابش اور دیگر بھی اس موقع پر موجود تھے۔