بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

آئی سی سی آئی کے ساتھ مل کر شجرکاری مہم کو آگے بڑھائیں گے، کیپٹن (ریٹائر) انوارالحق

اسلام آباد کو مزید سرسبز و شاداب بنانے میں بھرپور تعاون کریں گے۔ احسن بختاوری


تاجر برادری کا صحت مند ماحول کے فروغ میں دلچسپی لینا قابل ستائش ہے۔ سنیٹر لفٹیننٹ جنرل عبدالقیوم


اسلام آباد (ممتازنیوز ) سی ڈی اے کے ممبر انوائرنمنٹ کیپٹن (ریٹائرد) انوارالحق نے ڈائریکٹر جنرل انوائرنمنٹ محترمہ زینیا ہمایوں سانک اور ڈائریکٹر انوائرنمنٹ اختر رسول کے ہمراہ اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ کیا اور کہا کہ سی ڈی اے اسلام آباد چیمبر آف کامرس کے ساتھ مل کر اسلام آباد میں شجر کاری مہم کو آگے بڑھانا چاہتی ہے کیونکہ اس مہم کو کامیاب بنانے میں تاجر برادری کا تعاون بہت اہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ سی ڈی اے چیمبر کو شجرکاری کیلئے ایریا دینے کو تیار ہے تا کہ تاجر برادری وہاں زیادہ سے زیادہ پودے لگا سکے اور ان کی دیکھ بھال کی ذمہ داری بھی لی جائے۔ انہوں نے کہا کہ سی ڈی اے پودوں کی اقسام کا تعین کرے گی جبکہ تاجر برادری بھی سی ڈی اے کی مشاورت سے اپنی پسند کے پودے لگا سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بہت سے سیکٹرز میں فلٹریشن پلانٹس اور واش رومز تیار ہیں اور اگر مارکیٹ ایسوسی ایشنز اپنے وسائل سے ان کو چلانے کی ذمہ داری لیں تو سی ڈی اے ان سہولیات کو ان کے حوالے کرنے کو تیار ہے۔انہوں نے کہا کہ سی ڈی اے زیرو پوائنٹ پل کی دیکھ بھال بھی چیمبر کے حوالے کرنے کو تیار ہے تا کہ چیمبر اس پر اپنا لوگو ڈسپلے کر سکے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں الرجی پیدا کرنے والے درخت ختم کئے جا رہے ہیں تا کہ عوام کو الرجی کے بچایا جا سکے۔انہوں نے چیمبر میں ایک پودا لگا کر شجرکاری مہم کا آغاز بھی کیا۔
اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احسن ظفر بختاوری نے کہا کہ چیمبر نے پہلے بھی سی ڈی اے کے ساتھ مل کر گو گرین مہم کے تحت اسلام آباد میں ہزاروں پودے لگائے تھے اور چیمبر اس سال بھی تاجر برادری کے تعاون سے مارکیٹوں میں شجرکاری مہم کو موثر انداز میں آگے بڑھانے کیلئے کردار ادا کرے گا تا کہ اسلام آباد کو مزید سرسبز وشاداب بنا کر صحت مند ماحول کو فروغ دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ نئے درخت لگانے کے ساتھ ساتھ پرانے درختوں کی مناسب دیکھ بھال کیلئے ایک حکمت عملی بنائی جائے تا کہ ان کو محفوظ رکھا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ سی ڈی اے چیمبر کے تعاون سے مارکیٹوں میں داخلی اور خارجی گیٹ کا اہتمام کرے جس سے شہر کی خوبصورتی میں اضافہ ہو گا۔
سنیٹر لیفٹیننٹ جنرل (ریٹائرڈ) عبدالقیوم خان نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے شجرکاری مہم کو آگے بڑھانے کیلئے سی ڈی اے کی کاوشوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ تاجر برادری کا صحت مند ماحول کے فروغ کیلئے سی ڈی اے کے ساتھ مل کر شجرکاری مہم کو کامیاب بنانے کا عزم قابل ستائش ہے۔ انہوں نے چکوال میں شجرکاری کیلئے اپنی کاوشوں سے بھی شرکاء کو آگاہ کیا۔
چیمبر کے نائب صدر انجینئر اظہر الاسلام ظفر نے کہا کہ پرانے درختوں پر ٹیگ لگائے جائیں اور ان کی مناسب دیکھ بھال کا خصوصی انتظام کیا جائے تاکہ وہ لمبے عرصے تک محفوظ رہیں۔
سی ڈی اے کی ڈائریکٹر جنرل زینیا ہمایوں سانک نے کہا کہ بزنس کمیونٹی کے ساتھ مل کر شجرکاری مہم کو آگے بڑھانا چاہتے ہیں اور اس سلسلے میں مارکیٹ ایسوسی ایشنز کے صدور کا تعاون بہت مفید ثابت ہو گا۔
چیمبر کے سابق صدر اور یو بی جی کے سیکرٹری جنرل ظفر بختاوری نے کہا کہ نئے لگائے گئے پودوں میں سے صرف دس سے پندرہ فیصد آگے بڑھتے ہیں جبکہ باقی ضائع ہو جاتے ہیں لہذا پودوں کی دیکھ بھال پر خصوصی توجہ جائے۔انہوں نے مارکیٹ ایسوسی ایشنز کے عہدیداران پر زور دیا کہ وہ شجرکاری مہم میں سی ڈی اے کے ساتھ بھرپور تعاون کریں تا کہ اسلام آباد جو شہر گلاب ویاسمین کے نام سے مشہور ہے اس کو مزید خوبصورت بنایا جا سکے۔
چیمبر کے سابق صدر زاہد مقبول، جناح سپر مارکیٹ کے صدر اسد عزیز، پی ڈبلیو ڈی سے چوہدری محمد علی، بلیو ایریا کے صدر راجہ حسن اختر، آئی ایٹ مرکز سے زاہد قریشی، آبپارہ مارکیٹ سے اختر عباسی، جی نائن مرکز سے چوہدری عبدالغفار،انڈسٹریل ایریا سے مرزا محمد علی، محترمہ منیزہ ماجد اور دیگر نے بھی شجرکاری مہم کو کامیاب بنانے کیلئے ہرممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے مزید کہا کہ مارکیٹوں میں پرانی سیوریج لائنوں کو نئی کے ساتھ تبدیل کیا جائے کیونکہ شہر کی آبادی بڑھنے کی وجہ سے پرانی لائنیں اب زیادہ لوڈ برداشت کرنے کے قابل نہیں ہیں اور اکثر بلاک ہو جاتی ہیں۔