بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بھائی کا نشہ چھڑوانے کیلئے بہن نے اپنی جان دے دی

نئی دہلی: بھارتی ریاست اتر پردیش میں نو عمر لڑکی نے اپنے بھائی کی منشیات کی لت چھڑوانے کے لیے خودکشی کر لی۔

بھارتی ٹی وی ’این ڈی ٹی وی‘ کے مطابق غازی آباد کے علاقے میں ایک نوجوان لڑکی نے خودکشی کر لی تا کہ اس کا بھائی منشیات چھوڑ دے۔

پولیس کے مطابق ایک 16 سالہ لڑکی نے مبینہ طور پر اپنے گھر میں چھت کے پنکھے سے لٹک کر خودکشی کر لی ہے۔

پولیس کے مطابق بہن نے خودکشی سے قبل ایک نوٹ بھی چھوڑا ہے جس میں لکھا ہے کہ ’میں خودکشی کر رہی ہوں تا کہ میرا بھائی نشہ چھوڑ دے۔‘

اس معاملے سے متعلق اسسٹنٹ کمشنر آف پولیس (اے سی پی) اندرا پورم کمار سنگھ کا کہنا ہے کہ خودکشی نوٹ دیوار پر چسپاں کیا گیا تھا جبکہ لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا گیا ہے۔

پولیس کے مطابق لڑکی نے اپنے خودکشی نوٹ میں کسی کو بھی اپنی خودکشی کا ذمہ دار نہیں ٹھہرایا ہے۔

پولیس افسر نے میڈیا کو مزید بتایا کہ جمعرات کو جب اس کی ماں گھر واپس آئی تو اس نے دروازہ کھٹکھٹایا، کمرے کے اندر سے کوئی جواب نہ ملنے پر اس نے پڑوسیوں کو اطلاع دی، پڑوسیوں نے پولیس کو اطلاع دی۔

غازی آباد پولیس کے اے سی پی کے مطابق اطلاع ملنے پر ایک ٹیم موقع پر پہنچی اور کنڈی توڑ کر کمرے میں داخل ہوئی اور لڑکی کو پنکھے سے لٹکا ہوا پایا جس کے فوراً بعد لڑکی کو ایک نجی اسپتال لے جایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دیا۔

اے سی پی کے مطابق خاندان کی طرف سے ابھی تک کوئی شکایت درج نہیں کرائی گئی۔