بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

پاکستانی سفیر مسعود خان کی یوم آزادی کے موقع پر امریکہ میں مقیم پاکستانیوں کو اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کرنے کی تلقین

واشنگٹن (ممتازنیوز )یوم جشن آزادی کے پرمسرت موقع پر امریکی ریاست ورجینیا کے معروف بل رن پارک میں جشن آزادی میلہ منعقد ہوا جس میں امریکہ کی تین ملحقہ ریاستوں، واشنگٹن ڈی سی، ورجینیا اور میری لینڈ میں مقیم پاکستانیوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔یوم آزادی کے موقع پر مادرِ وطن کی محبت سے لبریز ان پاکستانی امریکی کمیونٹی اراکین کا جوش و جذبہ دیدنی تھا۔پانچ ہزار سے زائد افراد کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے امریکہ میں سفیر پاکستان نے امریکہ بھر میں مقیم تمام پاکستانیوں کو یوم آزادی پر مبارکباد پیش کی۔ پاکستان زندہ باد کے نعروں میں پرجوش حاضرین سے خطاب کرتے ہوئے سفیر پاکستان نے کہا کہ امریکہ میں مقیم پاکستانی ترقی کے زینے طے کر رہے ہیں۔ اس وقت امریکی قانون ساز اسمبلیوں میں منتخب پاکستانی نژاد قانون سازوں کی تعداد دس تک پہنچ گئی ہے۔ یہ وقت ہے آپ کے سیاسی شعور کی پختگی کا ہے تاکہ آپ اپنے لیے، اپنی کمیونٹی کے لئے، پاکستان کے لئے اور امریکہ کے لئے زیادہ کامیابیاں حاصل کر سکیں۔ سفیر پاکستان نے سمندر پار پاکستانیوں کی حب الوطنی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ سمندر پار پاکستانیوں کی جانب سے ملک کی ترقی کے لئے روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ کو کامیاب بنانا انکی مادر وطن سے محبت اور لگاؤ کا عکاس ہے۔ مسعود خان نے کہا کہ “روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ میں جمع کرائی جانے والی رقم بڑھ کر 6.5ارب ڈالر ہو گئی ہے۔ اور اس میں پاکستانی امریکیوں کا بہت بڑا حصہ ہے۔ “انہوں نے کہا کہ گذشتہ سال سے قیاس آرائی ہو رہی تھی کہ شاید سمندر پار پاکستانیوں کی جانب سے ترسیل زر میں کمی واقع ہوگی۔ تاہم سمندر پار پاکستانیوں نے ان قیاس آرائیوں کو غلط ثابت کیا۔ گذشتہ مالی سال میں پاکستانی امریکیوں کی جانب سے ڈھائی ارب ڈالر پاکستان بھجوائے گئے۔ اس مالی سال میں بھی ڈھائی ارب ڈالر موصول ہوئے ہیں۔ یہ انکی مادر وطن سے دلی محبت کا عملی ثبوت ہے۔سفیر پاکستان نے کہا کہ ریاست اور سیاست کا چولی دامن کا ساتھ ہے لیکن سیاست ریاست پر حاوی نہیں ہونی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ کوئی قوم ترقی نہیں کر سکتی اگر اسکی صفوں میں دراڑ ہو۔ اپنی صفوں میں یک جہتی پیدا کریں۔ مسعود خان نے کہا کہ ریاست بنانا کوئی آسان کام نہیں ہوتا۔ ریاست سنبھالنا اس سے بھی زیادہ مشکل کام ہوتا ہے۔ دنیا میں ایسے ممالک موجود ہیں جن کے پاس ریاست نہیں ہے۔ اہل جموں و کشمیر چھہتر سال سے کوشش کر رہے ہیں کہ ان کو حق ِ خود ارادیت دیا جائے لیکن آج تک نہیں مل سکا۔ اہل کشمیر قید و بند کی تکلیف سے گزر رہے ہیں۔ آپ لوگ بہت خوش قسمت ہیں کہ آپ کے پاس ایک ریاست موجود ہے۔ سفیر پاکستان نے پاکستانی امریکیوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ پاکستان اور امریکہ کے تعلقات کو مزید مضبوط بنا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہماری تقدیر میں لکھا گیا ہے کہ پاکستان ایک عظیم ریاست ہوگی۔” اس کے معمار آپ لوگ ہیں۔ اس منزل پر پہنچنے کے لئے ریاست پاکستان کا ہاتھ بٹائیں۔ امریکہ میں اپنا مقام بلند کریں تاکہ ہم آپ کی کامیابیوں پر مزید فخر کر سکیں۔ “میلے میں معروف پاکستانی گلوکاروں شازیہ منظور، نرمل رائے اور طاہر عباس نے اپنی گلوکاری کے جوہر دکھائے اور جشن آزادی کے رنگ دوبالا کیے۔ سفیر پاکستان نے راکنگ انٹر ٹینمنٹ، عمران راجا اور دیگر منتظمین کو کامیاب میلے کے انعقاد پر مبارکباد پیش کی۔