بہاولپور ( وحید احمد) پاکستان پیپلز پارٹی جنوبی پنجاب کے ڈپٹی سیکرٹری انفارمیشن محمد سلیم بھٹی نے کہاکہ حلقہ بندیوں کی آڑ میں انتخابات کے التواء کی اجازت نہیں دی جاسکتی، نگران حکومت 90 روز میں الیکشن کروا کر جمہوری عمل مکمل کرے، نگران حکمرانوں کواپنی آئینی حدود میں رہ کر کام کرنا ہوگا، 90 روز میں انتخابات کروانا الیکشن کمیشن کا کام ہے،منگل کوملکی سیاسی صورتحال بارے میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے محمد سلیم بھٹی نے کہاکہ ملکی صورتحال کے مطابق انتخابات سابقہ حلقہ بندیوں کے مطابق بھی کروائے جاسکتے ہیں، ملک وقوم کو ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کرنے کے لئے عوام کی منتخب کردہ حکومت کا ہونا لازمی ہے، حیلے بہانوں سے الیکش کا التواء ملک کے لئے سود مند نہیں ہوگا، الیکشن کمیشن کے التواء کے اعلان سے قوم میں مایوسی پیدا ہوئی ہے، الیکشن کے التواء سے آئین کے آرٹیکل 224 کی بھی خلاف ورزی ہوگی، ہمارامعاشرہ عدم استحکام اور بحرانوں کا شکار ہے،صرف عوام کے ووٹوں سے منتخب حکومت ہی ملک وقوم کو ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کرسکتی ہے، انہوں نے کہا کہ سابقہ حکومت نے الیکشن کمیشن کو 90 دنوں میں الیکشن مکمل کرانے کے لئے ہی اسمبلیوں کی تحلیل کا فیصلہ کیا تھا، سلیم بھٹی نے کہا کہ نوجوان نسل کو آگے بڑھ کر ملکی ترقی اور خوشحالی کے لئے سوچ سمجھ کر جذباتیت سے نکل کر فیصلے کرنا ہوں گے۔ نام نہاد اشرافیہ کی حکمرانی ختم کر کے عوامی راج قازئم کرنا ہوگا، آزمائے ہوئے ثابت شدہ چور، ڈاکو، لٹیرے اور لوٹے نما سیاستدانوں کو سیاست سے نکال باہر کرنا ہوگا جو وطن عزیز کو خون ٓشام جونکوں کی مانند لوٹ کر کنگال کرچکے ہیں، انہوں نے کہا کہ بھارت، امریکہ سٹریٹیجک پارٹنر شپ اور سی پیک میں اختلافات کے ماحول میں جہاں صورت حال کی سنگینی میں اضافہ ہورہا ہے وہیں پاکستان کے پاس بھی اپنی خارجہ پالیسی کے حوالے سے اپنی صفوں کو مناسب سمت اختیار کرنے کے مواقع حاصل ہورہے ہیں، حالیہ دنوں میں جس طرح معدنیات کے حوالے سے دنیا بھر میں پاکستان کی جغرافیائی اہمیت ابھر کر سامنے آئی ہے وہ خوش آئند ہے، اللہ کے فضل سے آج پاکستان روس کے بعد معدنی وسائل سے مالامال دوسرا ملک ہے جس کے پاس تقریباً 76 ٹریلین ڈالر کے معدنی ذخائر موجود ہیں، اگر وطن عزیز میں ایماندار اور مخلص حکمران برسر اقتدار آجائیں تو پاکستان کی ترقی میں کوئی مشکل نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو اور بینظیر بھٹو کے بعد آج پھر پاکستان میں بلاول بھٹو کی صورت میں نوجوان قیادت موجود ہے، جو پاکستان کی ترقی اور خوشحالی میں مثبت کردار ادا کرسکتی ہے۔ بلاول بھٹو نے بطور وزیر خارجہ پاکستان کے سلامتی اور استحکام کے لئے جو کوششیں کیں وہ اقوام عالم میں نمایاں ہیں۔ پاکستان پیپلز پارٹی جمہوری عمل کو مظبوط بناکر ہر طرح کے اختیارات عوام کی نچلی سطح پر منتقل کر کے ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کرے گی، جو ہماری قومی غربت،مفلسی اور استحصال سے پاک معاشرہ کے قیام میں ممد ومعاون ثابت ہوگا۔
حلقہ بندیوں کی آڑ میں انتخابات کے التواء کی اجازت نہیں دی جاسکتی،محمد سلیم بھٹی ڈپٹی سیکرٹری انفارمیشن پاکستان پیپلزپارٹی جنوبی پنجاب








