نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کا کہنا ہے کہ نگراں حکومت شفاف انتخابات کے لئے اقدامات کرے گی۔
کراچی میں کاروباری شخصیات سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ ملک کو توانائی، خوراک کی کمی کے علاوہ بےروزگاری اور مہنگائی کا سامنا ہے مگر ہم جلد ترقی کی راہ پر گامزن ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں نوجوانوں کی فنی تربیت ضروری ہے، عوامی مسائل کا حل خدمت اور عبادت ہے لہٰذا تاجر برادری ملک میں فنی تربیت کے فروغ میں کردار ادا کرے۔
نگراں وزیراعظم کا کہنا تھا کہ چیلنجز سے نمٹنے کے لئے تاجر برادری کا تعاون درکار ہے، تاجر برادری کی وجہ سے ہی ملکی معیشت چل رہی ہے۔
انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ لوگ ملک چھوڑ کر جا رہے ہیں تو کیا ہوا؟ کیا بھارت اور دیگر ممالک سے لوگ نہیں جاتے، ہم کیوں ہر چیز کو منفی انداز میں لیتے ہیں۔
الیکشن کے حوالے سے نگراں وزیراعظم کا کہنا تھا کہ نگراں حکومت شفاف انتخابات کے لئے اقدامات کرے گی، ہمارامینڈیٹ انتخابات کے لئے ماحول سازگار بنانا ہے، لہٰذا پرامن انتقال اقتدار ہماری اولین ترجیح ہے اور ملک کی بہتری کے لئے جو بھی ہو سکے گا ہم کریں گے۔









