قومی ٹیم کے آل راؤنڈر شاداب خان نے افغانستان کے خلاف پہلے ون ڈے میں شاندار کیچ پکڑنے کے بعد ایک ٹوئٹ کی تھی جس پر ویمن کرکٹ ٹیم کی بولر فاطمہ ثنا نے جواب دیا۔
منگل کو پاکستان اور افغانستان کے درمیان ہونے والے پہلے ایک روزہ میچ میں قومی ٹیم نے افغانستان کو 142 رنز سے شکست دے دی۔
سری لنکا کے شہر ہمبنٹوٹا میں کھیلے گئے میچ میں بابر اعظم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جس کے بعد قومی ٹیم کی بیٹنگ لائن لڑکھڑا گئی اور پوری ٹیم47 اوور میں 201 رنزبناکر آؤٹ ہوگئی۔
202 رنز کے ہدف کے تعاقب میں افغان بلے باز پاکستانی بولرز کے سامنے نہ ٹھہر سکے اور ان کی وکٹیں پتوں کی طرح بکھرگئیں، افغانستان کی پوری ٹیم 20 ویں اوور میں 59 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔
پاکستان کی جانب سے حارث رؤف نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جب کہ شاہین آفریدی نے 9 رنز دے کر 2 وکٹیں حاصل کیں، اس کے علاوہ نسیم اور شاداب نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
افغانستان کی بیٹنگ کے دوران اننگز کے چوتھے اوور میں نسیم شاہ کی گیند پر شاداب نے افغان بیٹر حشمت اللہ کا ایک شاندار کیچ پکڑا جس کی تعریفیں سوشل میڈیا پر بھی کی جاری ہیں۔
تاہم میچ جیتنے کے بعد شاداب نے ٹوئٹر (ایکس) پر کیچ کی ویڈیو پوسٹ کرتے ہوئے بظاہر کپتان بابراعظم کے نام پیغام جاری کرتے ہوئے لکھا کہ ‘ بڈھا نہیں ہوا ابھی میں’۔
Sher kabhi Budha nae hota shady Bhai🙌😎 https://t.co/LLizZjzEcQ
— Fatima Sana🇵🇰 (@imfatimasana) August 22, 2023
شاداب کی ٹوئٹ پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے فاطمہ ثنا نے کہا کہ ‘شیر کبھی بڈھا نہیں ہوتا شیڈی بھائی’۔
شاداب نے یہ بیان کیوں جاری کیا؟
دراصل مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2021 کے وارم اپ میچ میں ویسٹ انڈیز کے خلاف ایک موقع پر جب شاداب خان سے رن آؤٹ چھوٹ گیا تھا جس پر کپتان بابر اعظم نے شاداب کو ’بڈھا‘ کہا تھا۔
تاہم 2021 میں ہی بنگلادیش کے خلاف 3 میچز کی ٹی ٹوئنٹی سیریز کے دوسرے میچ میں شاداب خان نے اپنی ہی بولنگ پر شاندار کیچ پکڑکے کپتان بابر اعظم کے نام دلچسپ پیغام لکھا تھا۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر نائب کپتان شاداب خان نے بنگلا دیش کے خلاف دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ کی تصویر شیئر کی تھی اور بابر اعظم کو مخاطب کرتے ہوئے لکھا تھا کہ ‘میں ابھی بڈھا نہیں ہوا’۔
Another team effort for that victory. Aur ek zaruri baat: Budha nahi hua abhi mai @babarazam258 😜. pic.twitter.com/bNhN0mP0Rb
— Shadab Khan (@76Shadabkhan) November 20, 2021
واضح رہے کہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان دوسرا میچ 24 اگست کو ج بکہ تیسرا اور آخری میچ 26 اگست کو کولمبو میں کھیلا جائے گا۔
افغانستان کے خلاف ایک روزہ سیریز میں 0-3 سے فتح ٹیم پاکستان کو پھر سے ایک روزہ کرکٹ کی نمبر ون ٹیم بنادے گی۔









