بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

الیکشن میں معمولی تاخیر ہو سکتی ہے، نگران وفاقی وزیر اطلاعات

اسلام آباد(وقائع نگار) نگران وفاقی وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے کہا ہے کہ چیئر لفٹ واقعہ خیبر پختونخوا کے دور افتادہ علاقے بٹگرام میں پیش آیا، واقعہ کے تمام متاثرین کو بحفاظت ریسکیو کیا گیا، ریسکیو کی کوششوں میں کافی مشکلات تھیں، ضلعی انتظامیہ کو جب واقعہ کی اطلاع ملی تو اس نے صوبائی اور وفاقی اتھارٹیز سے رابطہ کیا، آرمی ایوی ایشن، پاکستان ایئر فورس، پاکستان آرمی کے اسپیشل سروس گروپ کے جوانوں اور جنرل آفیسر کمانڈنگ نے ریسکیو آپریشن کو کامیاب بنایا۔
امریکی ٹی وی کو انٹرویو میں نگران وزیراطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے کہا کہ صوبائی حکومت نے تمام چیئر لفٹس کے تفصیلی معائنہ کے احکامات جاری کر دیئے ہیں، علاقے میں تمام چیئر لفٹس کا معائنہ کیا جا رہا ہے، یقینی بنایا جا رہا ہے کہ ایسا واقعہ دوبارہ رونما نہ ہو۔
انہوں نے کہا کہ یہ علاقے ماحولیاتی تبدیلی سے شدید متاثرہ ہیں، 2005ءکے زلزلہ اور 2010ءکے سیلاب سے شدید متاثر ہوا،
آپ سمجھ سکتے ہیں کہ موسمیاتی تبدیلی نے کس طرح اس علاقے کو متاثر کیا، یہاں انفراسٹرکچر تباہ ہو چکا تھا۔
انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان آئینی ادارہ ہے جو الیکشن کرانے کا ذمہ دار ہے، الیکشن کمیشن کو حلقہ بندیوں کے لئے کم از کم چار ماہ درکار ہیں، سیاسی جماعتوں کو 54 دن انتخابی مہم کے لئے بھی فراہم کرنا ہوتے ہیں۔
مرتضیٰ سولنگی نے کہا کہ الیکشن میں معمولی تاخیر ہو سکتی ہے، ہماری حکومت نے ایک ہفتہ قبل ہی چارج سنبھالا ہے، ہم نے اپنا کام شروع کر دیا ہے، الیکشن کمیشن نے پہلے ہی اپنا ٹائم ٹیبل جاری کر دیا ہے، الیکشن کی تاریخ کا اعلان الیکشن کمیشن کرے گا، اس میں نگران حکومت کا کوئی کردار نہیں۔