بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

پی ٹی آئی کا لطیف کھوسہ اور چیئرمین عمران خان کی قانونی ٹیم کے اراکین کو لفٹ میں محصور کرنے اور حبسِ بےجا میں رکھنے کی جامع تحقیقات کا مطالبہ

اسلام آباد(ممتازنیوز)پاکستان تحریک انصاف نے سینئر قانون دان لطیف کھوسہ سمیت چیئرمین عمران خان کی قانونی ٹیم کو حبسِ بےجا میں رکھنے کی شدید مذمت کی ہے ۔ ترجمان پاکستان تحریک انصاف نے کہا ہے کہ صدرِمملکت اور چیف جسٹس آف پاکستان معاملے کی فوری تحقیقات کا اہتمام کریں اور ذمہ داروں کا کڑا محاسبہ کریں۔پاکستان تحریک انصاف آئین و قانون پر سختی سے کاربند، اشتعال و انتشار کی بجائے خود کو جمہوری معیار پر سیاسی جدوجہد تک محدود رکھے ہوئے ہے۔تحریک انصاف کی آئین، جمہوریت اور ریاست سے ٹھوس وابستگی کو کمزوری شمار کرتے ہوئے اسے بدترین ریاستی شرانگیزیوں کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔پہلے چیئرمین تحریک انصاف کو تاریخ کے بدترین جعلی ٹرائل کے ذریعے سزا سنائی گئی اور تمام بنیادی حقوق سے محروم کرکے جیل میں قید کیا گیا۔اب انہیں نشانہ انتقام بنانے اور تحریک انصاف کو سیاسی عمل سے باہر کرنے کیلئے ان کی درخواستِ ضمانت پر فیصلہ بار بار التواء کا شکار کیا جارہا ہے۔چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ اور توشہ خانہ کیس کی سماعت کرنے والے ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کے مابین گٹھ جوڑ پوری طرح قوم کے سامنے آشکار ہوچکا ہے۔ ترجمان تحریک انصاف نے مزید کہاکہ آج سینئر قانون دان لطیف کھوسہ سمیت چیئرمین کی قانونی ٹیم کے اراکین کو ہائیکورٹ کی لفٹ میں پون گھنٹے سے زائد تک محصور رکھ کر ہراساں کرنے کی بھی کوشش کی گئی۔صدرِمملکت بطور سربراہِ ریاست اور چیف جسٹس آف پاکستان عدلیہ کے سربراہ کے طور پر ملک میں جاری بدترین ریاستی شرانگیزیوں کا نوٹس لیں۔اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیف جسٹس عامر فاروق کی ناک تلے پیش آنے والے واقعے کی تحقیقات کی جائیں اور ذمہ داروں کا کڑا محاسبہ کیا جائے۔