لندن(مانیٹرنگ ڈیسک)مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں محمد نواشریف کی ستمبر میں وطن واپسی کیلئے دی گئی تاریخ تبدیل کردی گئی، شریف خاندان نے وطن واپسی کیلئے نئی تاریخ پراتفاق کر لیا۔
نجی ٹی وی کے مطابق لندن میں نواز شریف کی وطن واپسی کی حتمی تاریخ کا فیصلہ کرنے کیلئے شریف فیملی کا اجلاس ہوا جس میں فیصلہ کیا گیا کہ نواز شریف کو ستمبر میں وطن واپس نہیں آنا چاہیے۔
شریف خاندان کے اجلاس میں شہباز شریف نے مشورہ دیا کہ نوازشریف ستمبر کے بجائے اکتوبر کے وسط تک پاکستان پہنچیں جس کے بعد خاندان نے 15 اکتوبر کی تاریخ پر اتفاق کر لیا ہے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل نواز شریف کی وطن واپسی ستمبر کے وسط میں طے کی گئی تھی، اور شریف فیملی نے ان کی ستمبر میں واپسی کی تصدیق بھی کر دی تھی۔
شریف فیملی کے ذرائع کی جانب سے میڈیا کو تصدیق کی گئی تھی کہ نواز شریف کو ان کی جماعت کے چند رہنماؤں نے ستمبر کے وسط میں آنے پر اصرار کیا ہے۔
شریف خاندان کے وکلا اور سیاسی رفقا نے نواز شریف کو دورہ مڈل ایسٹ اور یورپ کے فوراً بعد وطن واپسی کا مشورہ دیا تھا تاہم بعد میں تصدیق کی گئی کہ نواز شریف ستمبر کے وسط میں پاکستان پہنچیں گے۔
نواز شریف 4 برس قبل پاکستان سے برطانیہ علاج کرانے آئے تھے اب ان کی واپسی کے انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔
نواز شریف کی وطن واپسی کی تاریخ تبدیل، نئی تاریخ پر شریف خاندان کا اتفاق








