بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

آئی پی پیز کے ساتھ معاہدوں پر نظرثانی کر کے ادائیگی ڈالر کی بجائے روپے میں کی جائے۔ احسن بختاوری

آئی پی پیز نے پاکستان میں ریکارڈ منافع کمایا اب بجلی نرخوں میں کمی کی جائے، فاد وحید


توانائی شعبہ ملک کو مکمل تباہی کی طرف دھکیل رہا ہے، خالد اقبال ملک


ملک کی سالمیت کیلئے ڈالر کو 250روپے پر کنٹرول کیا جائے،ظفربختاوری


اسلام آباد (ممتازنیوز ) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احسن ظفر بختاوری نے کہا کہ بڑھتے ہوئے گردشی قرضے اور بجلی کے نرخوں میں بے جا اضافے کی بنیادی وجہ یہ ہے کہ حکومت آئی پی پیز کو بجلی کی خریداری پر روپے کی بجائے ڈالر میں ادائیگیاں کر رہی ہے جبکہ ڈالر مہنگا ہونے سے بجلی مزید مہنگی ہو گی اور کاروبار بند ہو جائیں گے لہذا انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ آئی پی پیز کے ساتھ کئے گئے معاہدوں پر نظرثانی کرے اور ڈالر کی بجائے ان کو روپے میں ادائیگیاں کرے۔ انہوں نے کہا کہ آئی پی پیز کو منافع کی ادائیگی بھی ڈالر میں کی جا رہی ہے لیکن کاروبار کی لاگت میں بے جا اضافے سے صنعتی و تجارتی سرگرمیاں بہت متاثر ہو رہی ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ حکومت آئی پی پیز کے بنیادی ٹیرف کو ڈالر کی بجائے روپے میں تبدیل کرے جس سے قومی خزانے کو اربوں روپے کی بچت ہوگی، کاروباری اداروں کو سستی بجلی فراہم ہوگی اور برآمدات کو بہتر فروغ ملے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آئی سی سی آئی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
چیمبر کے سینئر نائب صدر فاد وحید نے کہا کہ تقریباً 47 آئی پی پیز پاکستان کے توانائی شعبے میں کام کر رہی ہیں اور وہ اپنی سرمایہ کاری کے مقابلے میں اب تک کئی گنا زیادہ منافع کما چکی ہیں۔ پاور پالیسی 1994 کے مطابق، 16 آئی پی پیز نے تقریباً 60 ارب روپے کی سرمایہ کاری کی اور 400 ارب روپے سے زیادہ کمائے، جس سے ظاہر ہے کہ پاکستان میں آئی پی پیز کو کتنا زیادہ منافع دیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں اس وقت بجلی کی قیمت خطے میں سب سے زیادہ ہے جس وجہ سے کاروبار اور برآمدات کو فروغ دینا بہت مشکل ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ صنعتوں کو بند ہونے سے بچانے کے لیے حکومت بہترین قومی مفاد میں آئی پی پیز کے ساتھ معاہدوں پر دوبارہ بات چیت کر کے بجلی کے ریٹ کم کرے۔
چیمبر کے گروپ لیڈر خالد اقبال ملک نے کہا کہ توانائی شعبہ ملک کو مکمل تباہی کی طرف دھکیل رہا ہے۔ حکومت نے آئی ایم ایف کی شرائط کے تحت بجلی، گیس اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑے پیمانے پر اضافہ کر دیا ہے لیکن ان اقدامات کی وجہ سے کاروبار کی بقا خطرے میں پڑ گئی ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت بجلی کے نرخوں اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کیا گیا اضافہ واپس لے تاکہ کاروبار کو مزید مشکلات سے بچایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ پہلے ہی ریکارڈمہنگائی نے صارفین کی قوت خرید میں نمایاں کمی کر دی ہے جس سے کاروباری سرگرمیاں ماند پڑ رہی ہیں جبکہ توانائی کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافے نے کاروبار کی لاگت بہت بڑھا دی ہے جس وجہ سے عالمی مارکیٹ میں ہماری برآمدات کو فروغ دینا مشکل ہو گیا ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ حکومت نجی شعبے کی مشاورت سے توانائی کی قیمتوں میں مناسب کمی کرے تاکہ کاروبار کو مکمل تباہی سے بچایا جا سکے۔
چیمبر کے سابق صدر اور یو بی جی کے سیکرٹری جنرل ظفر بختاوری نے کہا کہ ڈالر کی اوڑان نہ روکی گئی تو ملک تباہ کن نتائج سے دوچار ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی سالمیت کیلئے ڈالر کو 250روپے پر کنٹرول کہا جائے۔ روپے کی قدر میں نمایاں کمی کے باعث صنعتی خام مال کی درآمد بہت مہنگی ہو گئی ہے اور پیداواری لاگت میں اضافہ ہو رہا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت روپے کی قدر کو مستحکم کرنے کے لیے فوری اقدامات کرے تاکہ انڈسٹری کو مزید مشکلات سے بچایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت بجلی کے نرخوں میں اضافے کے بجائے بجلی کی ترسیل و تقسیم کے نقصانات اور بجلی چوری پر قابو پانے کیلئے اقدامات کرے اور بجلی کمپنیوں کی کارکردگی کو بھی بہتر بنانے پر توجہ دے تاکہ صارفین کو مزید مالی بوجھ سے بچایا جا سکے۔