کاروباری طبقے کو پرامن ماحول فراہم کرنے کی ہرممکن کوشش کریں گے۔ سید اشتیاق حسین شاہ، سلیم رضا
اسلام آباد (ممتازنیوز ) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احسن ظفر بختاوری نے کہا کہ آج کل بجلی بلوں میں ہوشربا اضافے کی وجہ سے پورے ملک کی طرح اسلام آباد میں بھی عوام کے ساتھ ساتھ تاجر بھی سراپا احتجاج ہیں ان حالات میں پولیس کی یہ ذمہ داری بنتی ہے کہ احتجاج کرنے والوں کے ساتھ کسی قسم کی سختی کرنے کی بجائے ان کے ساتھ افہام و تفہیم کا معاملہ کیا جائے اور نرمی کے ساتھ ان کو پرامن رہنے پر آمادہ کیا جائے تا کہ وفاقی دارالحکومت میں حالات پرامن رہیں اور کاروباری سرگرمیاں متاثر نہ ہوں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے تھانہ سونبل جی تیرہ کے ایس ایچ او سید اشتیاق حسین شاہ اور ایچ تیرہ شمس کالونی تھانہ کے ایس ایچ او محمد سلیم رضا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا جنہوں نے چیمبر کا دورہ کیا اور موجودہ حالات کے تناظر میں شہر میں امن و امان برقرار رکھنے کیلئے چیمبر کی قیادت کے ساتھ مشاورت کی۔
احسن بختاوری نے کہا کہ یہ دونوں تھانے اسلام آباد کی بیرونی حدود پر واقع ہیں اور اسلام آباد کے ماحول کو پرامن رکھنے کیلئے ان تھانوں کی حدود میں داخل ہونے والے افراد کی خصوصی نگرانی ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ تاجر ہمیشہ پرامن رہنا چاہتے ہیں کیونکہ امن و سکون کے ماحول میں ہی ان کا کاروبار بہتر فروغ پا سکتا ہے لیکن بجلی بلوں میں بے جا اضافے نے جہاں عوام کو مشتعل کر دیا ہے وہاں تاجروں میں بھی ان بھاری بلوں کی وجہ سے بہت تشویش پائی جاتی ہے۔ تاہم انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ اسلام آباد کے تمام تھانوں کے ایس ایچ اوز احتجاج کرنے والوں پر کسی قسم کی سختی کرنے سے گریز کریں گے اور نرم رویے کے ساتھ ان کوپرامن رکھنے کی بھرپور کوشش کریں گے۔ انہوں نے حکومت سے بھی مطالبہ کیا کہ وہ ہنگامی بنیادوں پر بجلی بلوں میں عوام اور تاجروں کو مناسب ریلیف فراہم کرنے کیلئے اقدامات کرے تا کہ ملک میں حالات کو مزید خراب ہونے سے بچایا جا سکے۔انہوں نے دونوں ایس ایچ اوز کو یقین دہانی کرائی کہ چیمبر تاجروں کو بہتر تحفظ فراہم کرنے کی کوششوں میں پولیس کے ساتھ ہرممکن تعاون کرے گا۔
اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے تھانہ سونبل جی تیرہ کے ایس ایچ او سید اشتیاق حسین شاہ اور ایچ تیرہ شمس کالونی تھانہ کے ایس ایچ او محمد سلیم رضا نے کہا کہ ان کا چیمبر کا دورہ کرنے کا مقصد موجودہ حالات کے تناظر میں چیمبر کی قیادت سے مشاورت کرنا ہے تا کہ مل جل کر شہر میں امن و امان کی فضا مزید بہتر بنائی جائے اور شہریوں سمیت تاجر برادری کو بہتر تحفظ فراہم کیا جائے تا کہ وہ ایک پرامن ماحول میں اپنا کاروبار فروغ دے سکیں۔ انہوں نے اپنے اپنے تھانوں کی حدود میں جرائم پر قابو پانے اور شہریوں کو تحفظ فراہم کرنے کیلئے اپنی حکمت عملی سے بھی چیمبر کی قیادت کو آگاہ کیا اور ان کوششوں کو مزید موثر بنانے کیلئے تاجر برادی کی تجاویز کا خیر مقدم کیا۔
چیمبر کے سابق صدر اور یو بی جی پاکستان کے سیکرٹری جنرل ظفر بختاوری، سیف الرحمٰن خان، راجہ امتیاز، شاہد زمان شنواری، خالد چوہدری، اسلم کھوکھر، عابد خان، مقصود تابش، بابر چوہدری اور دیگر بھی اس موقع پر موجود تھے۔









