بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بجلی کے بھاری بلوں پر عوام کا غصہ جائز: احتجاج سے بل کم نہیں ہو سکتے ،ریلیف کی کوشش کررہے ہیں، مرتضیٰ سولنگی

اسلام آباد:نگران وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات مرتضیٰ سولنگی نے کہاہے کہ بجلی کے بھاری بلوں پر عوام کا غصہ جائز ہے لیکن احتجاج سے ان کے بل کم تو نہیں ہو سکتے، نگران حکومت نے 17 اگست کو حلف اٹھایا، عوام کو جو بل موصول ہوئے یہ جولائی کے بل ہیں، ہمارا فوکس ہے کہ عوام کو کس طرح ریلیف دیا جائے ۔

نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے مرتضیٰ سولنگی نے کہاکہ وزیراعظم نے بجلی کے بلوں میں اضافے کا نوٹس لیا ہے،ہم ذمہ دار آئینی نگران حکومت ہیں، یہ نہیں ہو سکتا کہ ہم اس مسئلے کا نوٹس نہ لیں ۔اس بحث میں نہیں جانا چاہتے کہ بجلی کے بلوں میں اضافے کا کون ذمہ دار ہے، ہمارا فوکس ہے کہ عوام کو کس طرح ریلیف دیا جائے۔
انہوں نے کہاکہ کل نگران وفاقی کابینہ کا اجلاس ہے جس میں اس مسئلے پر بات ہوگی۔ اس بات پر غور کیا جائے گا کہ آئی ایم ایف پروگرام میں رہتے ہوئے لوگوں کو کیا ریلیف دیا جا سکتا ہے ۔آج بھی وزیراعظم نے اس حوالے سے متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ اجلاس منعقد کیا۔
وزیراطلاعات نے کہا میڈیا کو بجلی کے بلوں میں اضافے کی وجوہات بھی لوگوں کو بتانی چاہئیں۔انہوں نے کہاکہ عوام کی تکلیف اور غصہ جائز ہے لیکن احتجاج سے ان کے بل کم تو نہیں ہو سکتے،پرامن احتجاج اور پرتشدد احتجاج کے فرق کو سمجھنا ہوگا،عوام ڈسکوز کے ملازمین پر تشدد کرنے کی بجائے اس مسئلے کے حل کی طرف آئیں، نگران وفاقی کابینہ فیصلہ کرے گی، امید ہے اس سے عوام کو ریلیف ملے گا۔
انہوں نے کہاکہ تمام جماعتوں کے ساتھ مل کر انتخابات کو یقینی، پرامن اور منصفانہ بنانا چاہتے ہیں
نگران حکومت کی مدت کا تعین الیکشن کمیشن نے کرنا ہے، الیکشن کمیشن نے اپنی ویب سائیٹ پر پورا نظام الاوقات جاری کیا ہے، الیکشن کمیشن نے مشترکہ مفادات کونسل کے اجلاس کے فیصلوں کی روشنی میں آئین کے آرٹیکل 51 کے تحت یہ نظام الاوقات جاری کیا، ہم الیکشن کمیشن کی دی گئی تاریخ پر پرامن، منصفانہ اور غیر جانبدارانہ انتخابات کو یقینی بنانے میں الیکشن کمیشن کی مدد کریں گے۔