بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

وفاقی حکومت نے توشہ خانہ کیس میں لاہور ہائیکورٹ احکامات کیخلاف دائر اپیل واپس لے لی

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)وفاقی حکومت نے توشہ خانہ کیس میں لاہور ہائیکورٹ احکامات کیخلاف دائر اپیل واپس لے لی۔

نجی ٹی وی چینل کے مطابق سپریم کورٹ میں  توشہ خانہ تحائف کی نیلامی سے متعلق کیس کی وقفے کے بعد سماعت ہوئی،وفاقی حکومت نے توشہ خانہ کیس میں لاہور ہائیکورٹ احکامات کے خلاف دائر اپیل واپس لے لی ۔

ڈپٹی اٹارنی جنرل نے کہاکہ توشہ خانہ نئے رولز کی روشنی میں اپیل واپس لینا چاہتے ہیں،جسٹس اطہر من اللہ نے کہاکہ رولز پر نہ جائیں، توشہ خانہ پر پہلے ہی بہت شرمندگی ہو چکی ہے۔

قبل ازیں دوران سماعت ڈپٹی اٹارنی جنرل نے کہا کہ توشہ خانہ تحائف کے حوالے سے نیا قانون توثیق کیلئے صدر پاکستان کے پاس ہے ،جسٹس اعجازالاحسن نے کہاکہ قانون بے شک نیا بن جائے ہائیکورٹ کا فیصلہ اپنی جگہ برقرار رہے گا، ہائیکورٹ نے قرار دیا، توشہ خانہ تحائف عوامی ملکیت ہیں،عوامی ملکیت کے حامل تحائف کی نیلامی میں ہر شخص حصہ لے سکتا ہے،تحائف عوامی ملکیت ہیں تو ایسا ممکن نہیں کہ صرف مخصوص افراد ہی خرید سکیں۔

جسٹس اطہر من اللہ نے کہاکہ لاہور ہائیکورٹ کا فیصلہ آئین اور قانون کے مطابق درست ہے،سب سے زیادہ بولی دینے والا ہی تحفہ خریدنے کا حقدار ہو سکتا ہے۔