تل ابیب(مانیٹرنگ ڈیسک) اسرائیل کے انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر ایک امریکی خاندان کے سامان سے تلاشی کے دوران غیر استعمال شدہ پرانا بم برآمد ہوا۔برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق یہ واقعہ اسرائیل کے بین گوریون ائیرپورٹ پر پیش آیا جہاں ایک امریکی خاندان کے ایک رکن کے بیگ سے غیر استعمال شدہ پرانے بم کا خول ملا۔حکام کا کہنا ہے کہ امریکی خاندان نے یہ پرانا بم اسرائیل کے زیر قبضہ پہاڑی علاقے گولان(جہاں اکثر اسرائیل اور شام کے درمیان جنگ لڑی جاتی ہے) کے دورے میں اٹھایا۔ اسرائیلی میڈیا کے مطابق بم برآمد ہونے پر سکیورٹی اہلکار نے فوری طور پر قریبی علاقے کو خالی کرنے کا حکم دیا لیکن ایک مسافر جس نے اسے غلط سنا، اس نے دہشت گردوں کی فائرنگ کے نعرے لگانا شروع کر دیے، جس سے بڑے پیمانے پر خوف و ہراس پھیل گیا۔ جیسے ہی امریکی خاندان کے سامان سے بم برآمد ہوا، ائیرپورٹ پر موجود مسافر خوفزدہ ہوکر بھاگنا شروع ہوگئے جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے۔ائیرپورٹ پر بھگ دڑ کی وجہ سے ایک 32 سالہ شخص زخمی ہوگیا، جسے اسپتال لے جایا گیا۔ سکیورٹی حکام کی طرف سے پوچھ گچھ کے بعد امریکی خاندان کو ان کی پرواز میں سوار ہونے کی اجازت دی گئی۔
امریکی خاندان کے سامان سے بم نکل آیا، اسرائیلی ائیرپورٹ پرکھلبلی مچ گئی
