بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

‘امام گراؤنڈ میں جائے تو سب اسکے نام کے نعرے لگائیں’، رابعہ انعم نے یہ درخواست کیوں کی؟

پاکستان کی معروف میزبان رابعہ انعم اور  اداکار سمیع خان نے قومی کرکٹ ٹیم کے اوپننگ بیٹر امام الحق کے حالیہ وائرل ویڈیو کلپ پر  ردعمل دیا ہے۔

کچھ روز قبل  امام الحق نے ایک ڈیجیٹل انٹرویو کے دوران اپنے 7 سالہ کرکٹ کیرئیر پر بات کی تھی جس میں انہوں نے اپنے ساتھ پیش آئے واقعے پر افسوس کا اظہار کیا تھا۔

امام الحق نے کہا تھا کہ میں کسی بھی تنقید کا جواب نہیں دیتا لیکن مجھے اس وقت دکھ ہوتا ہے جب لوگ کوئی بھی بات غلط طریقے سے عوام کے آگے بیان کرتے ہیں، ہم جانتے ہیں کہ ہم بین الاقوامی سطح پر پاکستان کی نمائندگی کر رہے ہوتے ہیں، اگر ہم پرفارم نہیں کریں گے تو ہم پر تنقید کی جائےگی لیکن یہ تنقید مثبت ہونی چاہیے کیوں کہ مثبت تنقید کرنا ہر انسان کا حق ہے۔

اسٹیڈیم میں پرچی کے نعروں پر بات کرتے ہوئے قومی کرکٹر نے کہا کہ اس وقت مجھ پر بہت پریشر تھا، میرے7 سالہ کیرئیر میں مجھ سے کئی مرتبہ دوران انٹرویو یہ بات پوچھی جاچکی ہے اور میں نے کئی مرتبہ اس پریشر کو چھپانے کی کوشش کی اور ایسا واضح کیا کہ میں ذہنی طور پر بہت مضبوط انسان ہوں لیکن یہ سب بہت مشکل تھا۔

قومی کرکٹر نے مزید کہا کہ جب والدین کے ساتھ باہر نکلتا یا ڈنر کیلئے جاتا تھا تو لڑکے لڑکیاں منہ پر پرچی کہتے تھے جو کہ بہت برا لگتا تھا، میرے والدین نے آج تک میرا میچ گراؤنڈ میں بیٹھ کر نہیں دیکھا، ان کا بہت دل کرتا ہے لیکن مجھے ڈر لگتا ہے کہ میں اگر باؤنڈری کے پاس کھڑا ہوں تو میری امی اسٹیڈیم میں بیٹھ کر پرچی کی آواز نہ سنیں، یہ نعرے میرے لیے نارمل ہیں لیکن والدین کو اچھا نہیں لگے گا۔

سمیع خان کی انسٹاگرام اسٹوری

اداکار سمیع خان نے امام کے اس وائرل کلپ پر ردعمل دیا اور کہا یہ دیکھ کر ان کا دل ٹوٹ گیا۔

فوٹو: اسکرین شاٹ
فوٹو: اسکرین شاٹ

سمیع نے لکھا ‘امام آپ ہمارے اسٹار، ہمارا فخر ہیں، اسی طرح جگمگاتے رہیں’۔

رابعہ انعم کی درخواست:

رابعہ انعم نے سمیع کا ردعمل شیئر کرتے ہوئے لکھا ‘یہ ہماری قوم کی افسردہ کردینے والی حقیقت ہے، لیکن ہم سب ایک جیسے نہیں ہیں’۔

میزبان نے مداحوں سے اپیل کی کہ ‘اگلی بار جب بھی امام گراؤنڈ میں ہوں، تو ان کے حق میں اور ان کے نام کے نعرے بلند کریں’۔

واضح رہے کہ ایشیا کپ ون ڈے میں آج پاکستان اور بھارت آمنے سامنے ہوں گے جب کہ پاکستان پلیئنگ الیون میں امام الحق شامل ہیں۔