بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

ایشیا کپ: شاہین آفریدی کی چار وکٹیں، بھارت کے 9کھلاڑی آئوٹ

ایشیا کپ میں بھارت نے پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے کھیلتے ہوئے 45اوورز میں 246رنز سکور کیے ہیں اور اس کی 9وکٹیں گر گئی ہیں۔ ہردک پانڈیا 87 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔ اس سے قبل ایشان کشن 82 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔
اننگز کی ابتدا میں شاہین آفریدی نے اوپنر روہت شرما کو کلین بولڈ کیا جس کے بعد وراٹ کوہلی کھیلنے آئے اور کلین بولڈ ہو گئے۔ بولر ایک بار پھر شاہین آفریدی ہی تھے۔ کوہلی چار رنز ہی سکور کر سکے۔
بھارت کی جانب سے روہت شرما اور شبمن گل نے بیٹنگ کا آغاز کیا جبکہ پاکستان کے فاسٹ بولر شاہین آفریدی نے پہلا اوور کرایا۔ روہت شرما 11 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔
شریاس آئیر آوٹ ہونے والے تیسرے کھلاڑی تھے جن کی وکٹ حارث رؤف نے حاصل کی۔ چوتھے آؤٹ ہونے والے شبمن گل رہے جنہوں نے 10 رنز بنائے۔ وہ حارث رؤف کی گیند پر کلین بولڈ ہوئے۔
پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں سری لنکا کے پالیکیلے سٹیڈیم میں مدمقابل ہیں۔ بھارت کی اننگز کے ابتدائی اوورز میں میچ دو بار بارش کے باعث روکنا پڑا۔
پاکستان نے بھارت کے خلاف میچ کے لیے اپنی پلیئنگ 11 میں کپتان بابر اعظم، نائب کپتان شاداب خان، فخر زمان، امام الحق، سلمان علی آغا، افتخار احمد، محمد رضوان، محمد نواز، نسیم شاہ، شاہین شاہ آفریدی اور حارث رؤف کو شامل کیا ہے۔
اگر پاکستان اور بھارت کے درمیان ون ڈے مقابلوں کی تاریخ کی بات کی جائے تو دونوں ٹیمیں 132 مرتبہ اس فارمیٹ میں آمنے سامنے آئیں جس میں 73 مرتبہ پاکستان جبکہ 55 مرتبہ انڈیا نے فتح حاصل کی ہے۔
روایتی حریف ایشیا کپ میں 13 مرتبہ آمنے سامنے آ چکے ہیں جس میں سات مرتبہ بھارت اور پانچ مرتبہ پاکستان نے جیت حاصل کی۔
اگر پاکستان اور انڈیا کے درمیان گزشتہ 10 ون ڈے میچوں کی بات کی جائے تو اُس میں سات مرتبہ بھارت اور تین مرتبہ پاکستان کامیاب ہوا ہے۔

اس سے قبل 2022 میں کھیلے گئے ایشیا کپ میں پاکستان اور انڈیا کے درمیان دو میچ ہوئے تھے جن میں ایک میں پاکستان جبکہ ایک میں انڈیا جیتا تھا تاہم وہ ایشیا کپ ٹی20 فارمیٹ پر مبنی تھا۔