لاہور: ایشیا کپ کے چوتھے میچ میں بنگلہ دیش نے افغانستان کو 89 رنز سے ہرادیا۔
قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں بنگلہ دیش نے افغانستان کو جیت کیلئے 335 رنز کا بڑا ہدف تھا جس کے جواب میں افغانستان کی پوری ٹیم 44.3 اوورز میں 245 رنز بناکر ڈھیر ہوگئی۔
بنگلہ دیش نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 50 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 334 رنز بنائے۔ مہدی حسن میراز 112 رنز بنانے کے بعد ریٹائرڈ ہرٹ جبکہ نجم الحسین شانتو 104 رنز بناکر رن آؤٹ ہوئے۔
اوپنر محمد نعیم 28، توحید ہردوئے 0، مشفق الرحیم 25 اور شمیم حسین 11 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ شکیب الحسن 18 گیندوں پر 32 اور عفیف حسین 4 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔
افغانستان کی طرف سے گلبدین نائب اور مجیب الرحمان نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی جبکہ بنگلہ دیش کے تین کھلاڑی رن آؤٹ ہوئے۔
قبل ازیں بنگلہ دیشی ٹیم کے کپتان شکیب الحسن نے ٹاس جیتنے کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ کوشش ہوگی میچ میں کامیابی سمیٹ کر سپر فور کیلئے کوالیفائی کریں۔
انہوں نے بتایا کہ پلئینگ الیون میں 2 تبدیلیاں کی گئی ہیں، تنزید حسن، مستفیض الرحمان کو آرام کروایا گیا ہے جبکہ شوریف السلام، حسن محمود کو ٹیم میں جگہ دی گئی ہے۔
اس موقع پر افغان ٹیم کے کپتان حشمت اللہ شاہدی نے کہا کہ پاکستان کے خلاف سیریز میں کھیلی گئی پلئینگ الیون کو میدان میں اُتارا ہے، کوشش ہوگی ایونٹ کا آغاز جیت کے ساتھ کریں۔









