بھارتی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر جسپریت بمراہ کے اچانک ٹیم کو چھوڑ کر اپنے وطن واپس لوٹنے کی وجہ سامنے آگئی۔
اتوار کو یہ خبریں سامنے آئی تھیں کہ بمراہ سری لنکا میں موجود بھارتی اسکواڈ کو چھوڑ کر فوری طور پر ہندوستان چلے گئے ہیں جب کہ اس کی وجہ نہیں بتائی گئی تھی۔
اب پیر کی صبح جسپریت بمراہ نے مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ایکس پر اعلان کیا کہ ان کے ہاں پہلے بیٹے کی پیدائش ہوئی ہے۔
انہوں نے اپنے اور اہلیہ سنجنا کے ہاتھ کے ہمراہ نومولود کے ہاتھ کی تصویر شیئر کی۔
Our little family has grown & our hearts are fuller than we could ever imagine! This morning we welcomed our little boy, Angad Jasprit Bumrah into the world. We are over the moon and can’t wait for everything this new chapter of our lives brings with it ❤️ – Jasprit and Sanjana pic.twitter.com/j3RFOSpB8Q
— Jasprit Bumrah (@Jaspritbumrah93) September 4, 2023
بھارتی کرکٹر نے بتایا کہ پیر کی صبح بیٹے کی پیدائش ہوئی جس کا نام ‘انگد جسپریت بمراہ’ رکھا گیا ہے۔
جسپریت بمراہ کو بیٹے کی پیدائش پر ان کے مداحوں کی جانب سے مبارکباد پیش کی جارہی ہے۔
خیال رہے کہ بھارت کے فاسٹ بولر جسپریت بمراہ اور سنجنا گنیسن کی شادی مارچ 2021 میں ہوئی تھی۔
واضح رہے کہ ایشیا کپ میں آج پیر کو نیپال اور بھارت کی ٹیمیں انٹرنیشنل کرکٹ میں پہلی بار آمنے سامنے ہوں گی، جس میں بمراہ شامل نہیں ہوں گے۔
جسپریت بمراہ سپر 4 مرحلے سے قبل ٹیم میں شامل ہوں گے، ہندوستانی ٹیم سری لنکا میں کچھ دن کے وقفے کے بعد اپنا سپر 4 مرحلے کا میچ کھیلے گی۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بمراہ نے بی سی سی آئی کو مطلع کیا ہے کہ وہ جلد از جلد واپس سری لنکا آجائیں گے۔









